’تالا لگی قبر‘ سے متعلق پاکستان مخالف بھارتی میڈیا کا پروپیگنڈا بے نقاب

Published: 01-05-2023

Cinque Terre

لاہور: بھارتی نیوز چینلز پاکستان مخالفت جعلی خبروں اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی آشیرباد کے لیے مسلمان مخالف پروپیگنڈے میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔ حال ہی میں ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی  جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک قبر کے اوپر لوہے کی جالی ہے اور اس پر تالا لگا ہوا ہے۔ اس تصویر کو لے کر الزام لگایا گیا کہ یہ قبر پاکستان میں ہے جہاں والدین اپنی بیٹیوں کی قبروں کو تالے لگاتے ہیں تاکہ ان کی لاشوں کو زیادتی سے بچایا جا سکے۔اس تصویر کو کئی بڑے بھارتی اشاعتی اداروں اے این آئی، دی ٹائمز، نیوز 18، ٹائمز آف انڈیا ،دی پرنٹ، ٹائمزناؤ اور این ڈی ٹی وی سمیت دیگر چینلز نے بھی خوب اچھالا ہے۔پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کے طور پر استعمال کی جانیوالی اس تصویر کے مشکوک دعوے کی سچائی تلاش کرنے کے لیے جب گوگل میپس/اسٹریٹ ویو سروسز کا استعمال کرتے ہوئے تصویر کو کراس چیک کیا گیا تو معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کو نشانہ بنانے کے لیے جو تصویر استعمال کی جا رہی ہے وہ دراصل بھارت کے شہر حیدرآباد میں واقع قبرستان کی ہے۔قبرستان دراب جنگ کالونی، مدنا پیٹ، حیدرآباد، انڈیا میں واقع مسجد سالار ملک کے سامنے واقع ہے۔ تصویر میں دکھائی دینے والی قبروں کو خاندانوں کی طرف سے تالے لگائے گئے ہیں تاکہ دوسروں کو اپنے پیاروں کی قبروں کے اندر کسی بھی لاش کو دفن کرنے سے روکا جا سکے۔پاکستانی حکام کا کہنا ہے بھارتی میڈیا کو پاکستان کو بدنام کرنے اور نشانہ بنانے کے لیے اس طرح کا گھٹیا اورمنفی پروپیگنڈا کرنے کی بجائے ہندوستان میں زندہ اور مردہ خواتین کے خلاف تشدد کے بڑھتے ہوئے دردناک واقعات کی سنگین صورتحال پر توجہ دینی چاہیے۔

اشتہارات