Published: 05-05-2023
خودکشی کرنے والے بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی بائیوگرافیکل اسپورٹس فلم ’ایم ایس دھونی‘ کو انڈیا کے سینماؤں میں دوبارہ ریلیز کیلئے پیش کیا جائے گا۔ فلم بھارت کے سپر اسٹار کرکٹر مہندرا سنگھ دھونی کی زندگی پر مبنی ہے اور اسے سات برس قبل 2016 ریلیز کیا گیا تھا جبکہ سشانت سنگھ نے جون 2020 میں خودکشی کرلی تھی۔’ایم ایس دھونی‘ میں سشانت سنگھ کی اداکاری کو بہت پسند کیا گیا تھا اور فلم سے انہیں بڑے پیمانے پر شہرت ملی جبکہ باکس آفس پر بھی اسے کامیابی ملی۔فلم کی دوبارہ ریلیز اداکار کے مداحوں کی جانب سے ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کی درخواست پر کیا گیا اور اس کے ذریعے ان کی شوبز خدمات کو یاد کیا جائے گا۔’ایم ایس دھونی‘ کو نیرج پانڈے نے ہدایت کاری دی تھی اور اس میں اسٹار کرکٹر کے بچپن سے لے کر شہرت کی بلندیوں تک پہنچنے کی جدوجہد کو دکھایا گیا تھا۔فلم میں سشانت سنگھ کے ساتھ دیشا پاٹانی، کیارا ایڈوانی، انوپم کھیر، بھومیکا چاؤلہ اور دیگر فنکار بھی موجود تھے۔