Published: 06-05-2023
ممبئی: بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کو ایک اعزاز مل گیا، ان کی بلاک بسٹر فلم ’پٹھان‘ 1971 کے بعد پہلی ہندی فلم بن گئی جو بنگلا دیش میں ریلیز ہوگی۔ انٹرنیشنل ڈسٹری بیوشنز کے نائب صدر نیلسن ڈی سوزا نے اعلان کیا ہے کہ کنگ خان کی ’پٹھان‘ 12 مئی کو بنگلا دیش کے سینماؤں میں ریلیز کی جائے گی۔ایک اعلامیے میں نیلسن ڈی سوزا کے مطابق سینما ہمیشہ سے قوموں، نسلوں اور ثقافتوں کو متحد کرنے کا ذریعہ رہا ہے اور اس کے ذریعے لوگ ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ’پٹھان‘ ہندی سینما کی وہ پہلی فلم بن گئی ہے جو 1971 کے بعد بنگلا دیش میں ریلیز ہوگی اور اس پر ہم بنگلا دیشی اتھارٹیز کے شکر گزار ہیں۔نیلسن ڈی سوزا کا کہنا تھا کہ بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی بنگلا دیش میں ایک بڑی فین فالوونگ ہے اسی لئے ان کی فلم کو ریلیز ہونے کی اجازت دی گئی۔واضح رہے کہ ’پٹھان‘ نے اپنی ریلیز کے بعد عالمی طور پر ایک ہزار کروڑ انڈین روپے سے زائد کا بزنس کرکے ریکارڈ قائم کیا ہے۔