فواد چوہدری کی 9 مئی کے پُرتشدد واقعات کی مذمت، ملوث افراد کی سزا کا بھی مطالبہ

Published: 17-05-2023

Cinque Terre

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے نو مئی کو پیش آنے والے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوج ہے تو پاکستان اور ہم ہیں، ان شرمناک واقعات میں ملوث افراد کو سزا ملنی چاہیے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر اپنی اہلیہ اور وکلا کے ہمراہ پریس کانفرنس میں فواد چوہدری نے کہا کہ لاہور کور کمانڈ ہاؤس اور  جی ایچ کیو میں پیش آنے والے واقعات پر ہر محب وطن شخص کا دل رنجیدہ ہے، عسکری اور سرکاری تنصیبات پر حملے شرمناک ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ ان واقعات کی تحقیقات ہوں اور جو بھی ان میں ملوث ہے اُسے سزا ملنی چاہیے، خواہ اس کا تعلق پی ٹی آئی سے ہی کیوں نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان کی حیثیت سے کہتا ہوں پاک فوج ہے تو پاکستان ہے اور پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، ترجمان پی ٹی آئی کی حیثیت سے سمجھتا ہوں کہ 9 مئی کے واقعات شرمناک تھے۔ عمران خان نے بھی ان کی مذمت کی ہے۔رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ’جہاں تک معاملات کا تعلق ہے تو ہم سب کا تعلق پاکستان سے ہے اور جس کا تعلق پاکستان سے ہے اُس کا پاک فوج سے تعلق ہے،اسی نکتہ نظرکوسامنے رکھ کر ہمیں اپنی پالیسیاں بنانی چاہیے‘۔فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ میرا تعلق جہلم سے ہے، میرا تعلق جہم سے ہے جو شہدا اور غازیوں کی سرزمین ہے، ہمارا کوئی قبرستان ایسا نہیں جہاں شہید اور غازی دفن نہ ہوں، فوج سے ہمارا یہ رشتہ ہر چیز سے مقدم ہے‘۔بعد ازاں فواد چوہدری اسلام آباد ہائیکورٹ سے گھر روانہ ہوگئے۔ رہنما پی ٹی آئی صبح ہی سے عدالت میں موجود تھے جہاں انہیں پولیس نے گرفتار کرنے کی بھی کوشش کی۔

اشتہارات