نوجوانوں کو کسی کی خواہشات کا ایندھن نہیں بننے دیں گے، مریم نواز

Published: 19-05-2023

Cinque Terre

(رپورٹ:۔ سلیمان علی بٹ)لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر اور نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو کسی شرپسند، فتنہ پرور کی خواہشات کا ایندھن بننے نہیں دیں گے۔مریم نواز نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ 90 ارب کی چوری کرنے والے شخص نے اپنے کرتوتوں کو چھپانے کے لیے کارکنوں کو تخریب کار فورس کے طور پر تیار کیا، نو مئی اصل میں نوجوان اور پاکستان کو لڑانے کی مذموم سازش تھی۔انہوں نے کہا کہ اس سازش کی منصوبہ بندی پہلے تیار کی گئی جس کے تحت نوجوانوں کے ذہنوں کو زہر آلود کیا گیا، مٹھی بھر مسلح جتھوں کو پاکستان پر حملے کے لیے استعمال کیا گیا۔مریم نواز نے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم، صحت اور مثبت سرگرمیوں میں شرکت ہی پاکستان کی ترقی کا واحد راستہ ہے، ہم کسی بھی نوجوان کو شرپسند، فتنہ پرور اور سیاسی ٹھگ کی خواہشات کا ایندھن نہیں بننے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ خوف کا بُت شہیدوں کے مجسمے توڑنے سے نہیں خوف خدا اختیار کرنے سے ٹوٹتا ہے، فتنے نے پورے ملک خاص طورپر نوجوانوں کو جھوٹ بول بول کر ورغلایا، ذہنوں میں نفرت کی زہریلی فصل کاشت کی۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ہمیں قوم خاص طورپر نوجوانوں کے ذہن میں تحمل، برداشت، علم وآگاہی کے بیج بونے ہیں اور انہیں تخریب کاری و تعمیر کی قوتوں، دہشت گردی، احتجاج کے فرق کو سمجھانا ہوگا۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ توشہ خانہ سے چوری کرنے والے شخص نے ملکی معیشت، کاروبار، نوجوانوں کا روزگار تباہ کیا انشائاللہ، قوم کے اتحاد، یک جہتی اور بھائی چارے کو مضبوط کریں گے، قوم کی تقسیم ختم، امن اور برداشت واپس لائیں گے معیشت بحال ہوگی، کاروبارپھر سے چلے گا، نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔
 

اشتہارات