Published: 21-06-2023
ممبئی: ہندوؤں کی مذہبی داستان پر مبنی متنازعہ فلم ’آدی پرش‘ کے رائٹر منوج منتاشر نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں اور وہ پولیس کی سیکورٹی چاہتے ہیں۔ پرابھاس اور سیف علی خان جیسے سپر اسٹاروں کے ساتھ ’آدی پرش‘ حال ہی میں ریلیز ہوئی ہے اور عامیانہ مکالموں اور مناظر پر اسے شدید تنقید کا سامنا ہے۔’آدی پرش‘ کے رائٹر نے قتل کی دھمکیاں ملنے کے بعد پولیس سے سیکورٹی طلب کی ہے اور ممبئی پولیس کی طرف سے انہیں سیکورٹی مہیا کردی گئی ہے۔ممبئی پولیس نے بیان دیا ہے کہ وہ منوج منتاشر کو سیکورٹی دینے کے ساتھ ان کو ملنے والی قتل کی دھمکیوں کی تفتیش بھی کررہے ہیں۔فلم کے عامیانہ ڈائیلاگ کا معاملہ جیسے ہی گرم ہوا تو رائٹر نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ وہ پروڈیوسر کے ساتھ مل کر مکالموں پر دوبارہ کام کررہے ہیں اور انہیں تبدیل کیا جائے گا۔