Published: 22-06-2023
کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے اچھے دن شروع ہونے والے ہیں، ہمارا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ غربت، مہنگائی اور بے روزگاری سے ہے۔لیاری میں قائم ککری اسپورٹس کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ککری گراؤنڈ سے ضیا الحق، مشرف، کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ کو للکارا اور انہیں شکست دی۔انہوں نے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں عوام کے حق پر ڈاکا ڈالا گیا، جس کا عوام نے جمہوری طریقے سے انتقام لیا اور عدم اعتماد سے نالائق کو گھر بھیجا، عوام نے ثابت کیا کہ جب امپائر کی مداخلت نہیں ہوتی تو صرف جیالے ہی جیتے ہیں، جب بھی شفاف انتخابات ہوتے ہیں تو پیپلزپارٹی کی فتح ہوتی ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ہماری مخالف کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ غربت، بے روزگاری اور مہنگائی ہے، ہماری جنگ بھی غربت، بے روزگاری اور مہنگائی کے خلاف ہے، ہم سب مل کر اس جنگ میں شامل ہوں گے اور مقابلہ کریں گے۔اُن کا کہنا تھا کہ یہ کیسے سیاست دان ہے جو نوجوانوں کو ورغلاتے ہیں، کچھ سیاست دان نفرت اور تقسیم کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی ایسی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔بلاول بھٹو نے جیالوں کو کمر کسنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے اچھے دن شروع ہونے والے ہیں۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر ان کی شادی کے مقام پر اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کرکے خوشی ہورہی ہے، لیاری میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہیں، چاہتے ہیں کہ لیاری کے نوجوان بھی ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔