فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری معطل، الیکشن کمیشن میں پیش ہونے کا حکم

Published: 18-07-2023

Cinque Terre

 اسلام آباد: ہائی کورٹ نے فواد چوہدری کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے انہیں الیکشن کمیشن میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جانے کے خلاف فواد چوہدری کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی، جس میں جسٹس طارق محمود جہانگیری کے روبرو ایڈووکیٹ فیصل چوہدری پیش ہوئے۔عدالت میں دلائل د یتے ہوئے فواد چوہدری کے وکیل ایڈووکیٹ فیصل چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں فواد چوہدری کے خلاف توہینِ کمیشن کی کارروائی جاری ہے ، جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ چیف جسٹس نے فیصلہ دیا کہ توہینِ کمیشن کی کارروائی جاری رہے گی ۔جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیے کہ چیف جسٹس نے اپنے فیصلے میں کمیشن کو اس معاملے پر حتمی فیصلہ جاری کرنے سے روکا ہے۔ جو بھی ہے، وہ بھی عدالت ہے ، آپ کو نوٹس جاری ہوئے ہیں ۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا وجہ ہے کہ آپ  وہاں ذاتی حیثیت میں پیش نہیں ہورہے ؟۔ آپ نے تو ہائی کورٹ کے آرڈر کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ ہم اسی دن اسلام آباد ہائی کورٹ کے سامنے پیش ہوئے تھے، جس پر جسٹس طارق جہانگیری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کون سا کراچی میں ہے، ہائی کورٹ سے وہاں چلے جاتے۔ آپ نے ہائی کورٹ کے آرڈر کی خلاف ورزی کی ہے، کمیشن میں پیش نہیں ہو رہے۔ وکیل نے ج واب دیا ہم الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونے کو تیار ہیں۔بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے فواد چوہدری کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے  اور فواد چوہدری کو 20 جولائی کو الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ جسٹس طارق جہانگیری نے ریمارکس دیے کہ آپ کے وارنٹ گرفتاری معطل کر رہے ہیں، کمیشن کے سامنے پیش ہوں۔ کمیشن کے سامنے پیش نہ ہوئے تو توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کروں گا۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے عدم حاضری پر فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔


 

اشتہارات