گجرات پولیس تھانہ ککرالی نے چند ماہ قبل موضع سریعہ میں ہونے والے ذیشان نامی نوجوان کا اندھا قتل ٹریس کرلیا

Published: 30-07-2023

Cinque Terre

(رانا مہتاب اسلم سے)گجرات پولیس تھانہ ککرالی نے چند ماہ قبل موضع سریعہ میں ہونے والے ذیشان نامی نوجوان کا اندھا قتل ٹریس کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ ککرالی کے علاقہ سریعہ کے رہائشی نوجوان ذیشان شریف کو نامعلوم ملزمان نے قتل کرکے نعش کو ویرانے میں پھینک دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او ادریس افضل پولیس نفری کے ہمراہ فوراًن جائے وقوعہ پر پہنچ گیا۔ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی اور کرائم سین یونٹ کی ٹیموں کو موقع پر بلا کر شواہد اکٹھے کئے گئے۔ بعد ازاں مقتول کے بھائی ارسلان شریف کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔ڈی پی او گجرات احمد نواز شاہ نے اندھے قتل کی اس لرزہ خیز واردات کوٹریس کرنے اور قاتلوں کی گرفتار ی کے لئے ڈی ایس پی کھاریاں ملک عرفان صفدر کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ ککرالی اور دیگر تجربہ کار افسران پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی اور افسران کو ہدایت کی کہ اندھے قتل کی اس واردات کو ٹریس کرکے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔تفتیشی ٹیم نے واقعہ کی مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی۔ مشکوک افراد کی انٹیروگیشن کی گئی اور جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کارلاتے ہوئے اندھے قتل کی واردات کو انتہائی محنت سے ٹریس کرکے واقعہ میں ملوث ملزم شکیل کو خصوصی آپریشن کے ذریعے آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔قاتل کوئی اور نہیں مقتول کا ہمسایہ نکلا جو قتل کے بعد مقتول کی نماز جنازہ میں بھی شامل تھا۔ ملزم نے دوران انٹیروگیشن اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ مقتول اس کی بہن پر بری نظر رکھتا تھا اور اسے موبائل پر میسج بھیجتا تھا۔جس کی وجہ سے اس نے منصوبہ بندی کرکے اسے موٹر سائیکل پر بٹھا کر ویرانی جگہ پر لے گیا اور وہاں  پسٹل سے فائرنگ کرکے قتل کرکے گھر واپس آگیا اور مقتول کے رشتہ داروں کے ہمراہ اسے تلاش کرنے کا ڈرامہ کرتا رہا۔ گرفتار ملزم سے انٹیروگیشن جاری ہے
 

اشتہارات