پاکستان اور بھارت مسائل کے حل کیلیے براہ راست مذاکرات کریں؛ امریکا

Published: 03-08-2023

Cinque Terre

 واشنگٹن: امریکا نے اس بات پر زور دیا ہے کہ مشترکہ مسائل کے حل کے لیے پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے ساتھ براہ راست مذاکرات کریں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھارت کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش کی بھرپور حمایت کی ہے۔میتھیو ملر نے کہا ہے کہ امریکا طویل عرصے سے جوہری ہتھیار رکھنے والے بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک دوسرے کے لیے مسائل کا سبب بننے والے معاملات پر براہ راست مذاکرات کی ضرورت پر زور دے رہا ہے۔ترجمان امریکی محکمۂ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ امریکا پاکستان میں کسی ایک مخصوص سیاسی رہنما یا جماعت کی طرفداری نہیں کرتا۔ ہم آزاد، صاف اور شفاف انتخابات کی حمایت کرتے ہیں۔بھارتی ریاست منی پور میں ہونے والی نسلی فسادات پر میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ مزید نقصان سے بچنے کے لیے شہریوں سے پُر امن اور فسادات سے دور رہنے کی درخواست کرتے ہیں۔واضح رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ بامعنی بات چیت کے ذریعے سنجیدہ مسائل کے حل تک دونوں عام پڑوسی ممالک کی طرح نہیں رہ سکتے۔

اشتہارات