اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں مزید 2 فلسطینی نوجوان شہید

Published: 15-08-2023

Cinque Terre

غزہ: مغربی کنارے پر اسرائیلی فوج نے چھاپا مار کارروائی کے دوران مزید 2 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کر دیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی کنارے کے شہر جیریکو میں اسرائیلی فوج نے پناہ گزین کیمپ پر دھاوا بول دیا اور گھر گھر تلاشی لی۔ اس دوران دو فلسطینی نوجوانوں کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ نوجوانوں کے سینے میں گولی لگی تھی اور ان کی موت زیادہ خون بہہ جانے کے باعث ہوئی۔ زخموں کے معائنے سے پتا چلا کہ گولیاں کافی دیر پہلے اور انتہائی قریب سے ماری گئی تھیں۔فلسطین کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی فوج نے جان بوجھ کر زخمی نوجوانوں کو تاخیر سے اسپتال منتقل کیا اگر انھیں بروقت لایا جاتا تو زندہ بچایا جا سکتا تھا۔شہید ہونے والے نوجوانوں کی شناخت 16 سالہ قصے الوالجی اور 25 سالہ محمد نجوم کے نام سے ہوئی۔ اسرائیلی فوج نے تازہ ترین ہلاکتوں پر تبصرہ کرنے کے لیے اے ایف پی کی درخواست کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔یاد رہے کہ اسی علاقے میں اسرائیلی فوج اور تحریک آزادی کے کارکنوں کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی تاہم یہ واضح نہیں شہید ہونے والے نوجوان بھی اس جھڑپ میں شامل تھے۔رواں سال اب تک اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے فلسطینی نوجوانوں کی تعداد 220 سے تجاوز کرگئی جب کہ 28 اسرائیلی، ایک اطالوی اور ایک یوکرینی باشندہ بھی مارا گیا۔

اشتہارات