Published: 15-08-2023
قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان اوپنر عبداللہ شفیق کا کہنا ہے کہ بابراعظم ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں انکے منہ سے اپنی تعریف سننا اچھا لگتا ہے۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نوجوان کرکٹر عبدااللہ شفیق نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ کی فارم کو ون ڈے میں برقرار رکھنا چاہتا ہوں، ون ڈے کرکٹ اب تبدیل ہوچکی ہے کوشش ہوتی ہے کہ پلان کے مطابق کھیلیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں جذبہ مختلف ہوتا ہے مگر بطور کھلاڑی ہماری توجہ پرفارمنس پر مرکوز ہے، بابراعظم ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں انکے منہ سے اپنی تعریف سننا اچھا لگتا ہے تاہم اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کررہا ہوں۔دوسری جانب لاہور میں افغانستان کے خلاف سیریز اور ایشیاکپ کیلئے قومی کرکٹرز کا دوسرے روز تربیتی کیمپ جاری رہا۔واضح رہے کہ قومی ٹیم کو افغانستان کے خلاف سیریز کا پہلا ون ڈے میچ 22 اگست کو سری لنکا میں کھیلنا ہے۔