Published: 19-08-2023
کراچی: سندھ کی 10 رکنی نگراں کابینہ نے حلف اٹھالیا۔ گورنر کامران ٹیسوری نے اراکین سے حلف لیا۔نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کی موجودگی میں اُن کی کابینہ کی حلف برداری تقریب گورنر ہائوس میں منعقد ہوئی جس میں چیف سیکریٹری ، قائم مقام آئی جی، صوبائی سیکریٹریز اور نگراں وزراء کے فیملی ممبران نے شرکت کی۔حلف لینے والے اراکین میں بریگیڈیئر ریٹار حارث نواز، یونس ڈھاگا، مبین جمانی، ایشور لعل، ارشد ولی محمد، ڈاکٹر جنید شاہ، عمر سومرو ، ڈاکٹر سعد خالد نیاز، خدا بخش مری اور مسز رعنا حسین شامل ہیں۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور نگراں وزیراعلیٰ نے حلف اٹھانے پر نگراں کابینہ کو مبارکباد دی۔ چیف سیکریٹری سندھ نے نگراں کابینہ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔سندھ نگراں کابینہ کو محکمے تفویض کرنے کا نوٹی فکیشن جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ایشور لعل محکمہ آبپاشی، بریگیڈئر (ر) حارث نواز محکمہ داخلہ اور جیل، مبین جمانی محکمہ بلدیات اور ٹاون پلاننگ سندھ، یونس ڈھاگا محکمہ فنانس، پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ اور ریونیو، ڈاکٹر سعد نیاز محکمہ صحت ، بہبود آبادی، خدا بخش مری مائینز منرل، بیرسٹر عمر سومرو محکمہ قانون، مذہبی امور اور انسانی حقوق کے نگراں وزیر ہوں گے۔اسی طرح ڈاکٹر رعنا حسین محکمہ تعلیم اور ترقی نسواں وزیر ہونگی، ڈاکٹر جنید علئ شاہ یوتھ اسپورٹس اور ثقافت کے نگراں وزیر ہوں گے جبکہ ارشد ولی محمد کو سیاحت اور ماحولیات قلمدان سونپ دیا گیا۔ذرائع کے مطابق ایشور لعل محکمہ آبپاشی اور ورکس اینڈ سروسز، برگیڈئر (ر) حارث نواز محکمہ داخلہ اور اطلاعات، مبین جمانی محکمہ بلدیات اور پبلک ہیلتھ کے نگراں وزیر ہونگے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یونس ڈھاگا محکمہ لیبر اور صعنت، ڈاکٹر سعد نیاز محکمہ صحت، خدا بخش مری محکمہ توانائی اور مائینز و منرلزبیرسٹر عمر سومرو محکمہ قانون و یوتھ افئیرز اور ڈاکٹر رعنا حسین محکمہ تعلیم کی نگراں وزیر ہوں گی۔