Published: 22-08-2023
پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ون ڈے میچ آج کھیلا جائے گا۔دونوں ٹیمیں ایشیاکپ اور ورلڈکپ جیسے میگا ایونٹس کی تیاریوں کے سلسلے میں سیریز کھیل رہی ہیں، تینوں میچز کی میزبانی افغان بورڈ سری لنکا میں کررہا ہے۔اس سے قبل پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں 4 ون ڈے انٹرنیشنلز میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں جس میں قومی ٹیم نے 4 میچز جیت رکھے ہیں۔دوسری جانب سیریز کیلئے افغان بورڈ نے شائقین کرکٹ کیلئے فری انٹری کا اعلان کیا ہے، فینز بغیر ٹکٹس سنسنی خیز میچز سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔افغان ٹیم کے خلاف تین میچز کیلئے قومی ٹیم کے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا جاچکا ہے، جس میں کپتان بابراعظم، عبداللہ شفیق، فخرزمان، امام الحق، سلمان علی آغا، افتخار احمد، طیب طاہر، سعود شکیل، محمد رضوان، محمد حارث، شاداب خان (نائب کپتان)، محمد نواز، اسامہ میر، فہیم اشرف، حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔واضح رہے کہ فہیم اشرف کی 2 سال کے طویل عرصے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، وہ آخری بار جولائی 2021ء میں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں کھیلے تھے۔