Published: 22-08-2023
کراچی: ورلڈکپ شیڈول میں مزید کسی تبدیلی کا امکان مسترد کر دیا گیا، بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیوشکلا نے کہا کہ مقابلوں میں ردوبدل کا اختیار صرف ہمارے پاس نہیں ہے، مزید کوئی تبدیلی نہیں ہوسکتی ، حیدرآباد میں میچز کا انچارج میں ہوں، کوئی مسئلہ ہوا تو اسے حل کرلیں گے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے 9 اور 10 اکتوبر کو لگاتار 2 روز ورلڈکپ میچز کی میزبانی کو مشکل قرار دیتے ہوئے تاریخوں میں تبدیلی کا مطالبہ کیا گیا تھا، اس حوالے سے میزبان شہر کی پولیس کا کہنا تھا کہ لگاتار 2 روز سیکیورٹی کی فراہمی مشکل ہوسکتی ہے،خاص طور پر پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے میچ میں چیلنج زیادہ بڑا ہوگا۔بھارتی کرکٹ بورڈ کی فرمائش پر آئی سی سی پہلے ہی 9 میچز کی تاریخوں میں ردوبدل کر چکی، اسی وجہ سے پاکستان اور سری لنکا کا جو میچ پہلے 12 اکتوبر کو شیڈول تھا وہ 10 تاریخ کو منتقل کردیا گیا، اس سے اب یہ نیا مسئلہ سامنے آ گیا ہے۔دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے ورلڈ کپ شیڈول میں ایک اور تبدیلی کے امکان کو مشکل قرار دیا ہے، یوپی ٹی 20 ایونٹ کی رونمائی کیلیے لکھنؤ میں موجود راجیوشکلا سے جب اس بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کیلیے میں حیدرآباد کے وینیو کا انچارج ہوں، اگر وہاں پر میچز کے حوالے سے کوئی مسئلہ ہوا تو ہم اس کا حل نکالنے کی کوشش کریں گے۔شیڈول کو تبدیل کرنا آسان نہیں ہے ، ایک بار پھر ایسا ہونا تقریباً ناممکن ہے، ویسے بھی صرف بی سی سی آئی شیڈول تبدیل نہیں کرسکتا، ٹیمیں اور آئی سی سی سب اس عمل میں شریک ہوتی ہیں۔ واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو ورلڈکپ کے انتظامات میں تاخیر اور شیڈول کے حوالے سے سامنے آنے والی صورتحال پر دنیا بھر میں سبکی کا سامنا ہے۔