دورہ پاکستان؛ بھارتی آفیشلز سیریز پر بات نہیں کرینگے

Published: 27-08-2023

Cinque Terre

کراچی: دورہ پاکستان کے دوران بھارتی آفیشلز باہمی سیریز پر بات نہیں کریں گے۔صدربھارتی کرکٹ بورڈ روجر بنی اور نائب صدر راجیو شکلا آئندہ ہفتے ایشیا کپ میچز کیلیے پاکستان کا دورہ کریں گے، دونوں 4 ستمبر کو واہگہ کے راستے لاہور آئیں گے اور 7 ستمبر تک یہاں رہیں گے، اس دوران ان کی افغانستان اور سری لنکا کے درمیان 5 ستمبر کو قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول میچ میں شرکت بھی متوقع ہے۔بی سی سی آئی کی جانب سے اپنے ٹاپ آفیشلز کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کافی حیران کن ہے کیونکہ طویل عرصے سے کسی بھی آفیشل نے دورہ نہیں کیا، گذشتہ دنوں پی سی بی کی جانب سے دیگر ایشیائی بورڈز کی طرح بھارت کو بھی ایشیا کپ میچز میں شرکت کیلیے دعوت نامہ بھیجا گیا تھا۔اس حوالے سے بی سی سی آئی ذرائع نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ چونکہ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین ہیں اس لیے ہماری اس ایونٹ میں نمائندگی ضروری تھی، اس کے ساتھ ہم پاکستان کو مکمل طور پر نظر انداز بھی نہیں کرنا چاہتے خاص طور پر اس لیے بھی کہ وہ ایک کثیر الملکی ٹورنامنٹ کی میزبانی کررہا ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم کرکٹ اتحاد کا پیغام دینا چاہتے ہیں، ہم کسی کا بائیکاٹ نہیں کرتے اور نہ ہی ایسی کوئی بات ظاہر کرنا چاہتے ہیں۔ جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ کیا اس دورے کے دوران باہمی کرکٹ شروع کرنے کے حوالے سے بھی کوئی بات ہوگی تو انھوں نے کہا کہ بالکل بھی نہیں کیونکہ اس کیلیے حکومت کی کلیئرنس درکار ہوگی، ہم اس حوالے سے کافی واضح سوچ رکھتے ہیں۔واضح رہے کہ بھارتی بورڈ آفیشلز کو گورنر پنجاب کی جانب سے عشائیہ دیے جانے کا بھی امکان ہے۔

اشتہارات