ایشیاکپ؛ بابراعظم نے ویرات کوہلی کے ایک اور ریکارڈ پر نظریں جمالیں

Published: 31-08-2023

Cinque Terre

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ویرات کوہلی کے ایک اور ریکارڈ کو توڑنے پر نظریں مرکوز کرلیں۔بابراعظم اب تیز ترین 2 ہزار ون ڈے رنز بنانے سے محض 6 قدم دور ہیں، یہ ریکارڈ کوہلی نے بطور کپتان 36 اننگز میں بنایا تھا جبکہ بابر 30 اننگز میں 1994 رنز بناچکے ہیں۔بابراعظم کو ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑنے کا سنہری موقع بھارت کے خلاف ہی 2 ستمبر کو ملے گا، جہاں دونوں ٹیمیں اپنے گروپ میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔قبل ازیں گزشتہ روز ایشیاکپ کے پہلے میچ میں کپتان بابراعظم نے نیپال کے خلاف 131 گیندوں پر 151 رنز بناتے ہوئے کم اننگز میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا جنوبی افریقی بیٹر ہاشم آملہ کا ریکارڈ توڑا تھا۔جہاں ہاشم آملہ نے 19 ون ڈے سنچریاں اسکور کرنے میں 104 اننگز کھیلی وہیں پاکستانی کپتان نے 102 اننگز میں یہ کارنامہ سر انجام دیا۔بابر، نیپال کے خلاف اپنی 151 رنز کی اننگز کے ساتھ اب 19 ون ڈے سنچریاں بنانے والے تیز ترین بلے بازوں کی فہرست میں سرفہرست ہیں۔ ہاشم آملہ (104)، ویرات کوہلی (124)، ڈیوڈ وارنر (139) اور اے بی ڈی ویلیئرز (171) اننگز میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔

اشتہارات