Published: 04-09-2023
ایشیاءکپ کے دوران پاکستان اور بھارتی کرکٹرز کے درمیان دوستی دیکھ کر بھارتی ٹیم کے سابق اوپنر گوتم گمبھیر آگ بگولہ ہوگئے۔ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان پالے کیلے میں کھیلا گیا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جس کے باعث دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا، بھارت کو سپر فور مرحلے تک رسائی حاصل کرنے کے لئے نیپال کے خلاف میچ میں لازمی جیت درکار ہے۔پاکستان کے خلاف میچ میں بھارت کا ٹاپ آرڈر مکمل طور پر فلاپ رہا جس کے باعث سابق ہندوستانی کرکٹرز نے اپنے کھلاڑیوں کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ سابق اوپنر گوتم گمبھیر نے پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ میل جول پر ہی اپنے پلئیرز کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ انہوں نے میچ کے دوران بارش کے وقت اسٹار اسپورٹس پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی ٹیم اسٹیڈیم میں 140 کروڑ لوگوں کی نمائندگی کر رہی ہے، اُسے میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں سے دوستی نہیں نبھانی چاہیے۔ گوتم گمبھیر نے کہا کہ جب آپ اپنی قومی ٹیم کے لیے میدان میں کھیلتے ہیں، تو آپ کو دوستی کو باؤنڈری سے باہر چھوڑنا چاہیے، دونوں ٹیموں کے پلئیرز کو جیت کیلئے ایک دوسرے سے لڑنا چاہیے، کرکٹ کے ان 6 یا 7 گھنٹوں بعد آپ دوستیاں نبھائیں لیکن فیلڈ پر نہیں۔ سابق کرکٹر نے اپنے کھلاڑیوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ حریف ٹیموں کے کھلاڑی میچ کے دوران ایک دوسرے کی پیٹھ تھپتھپاتے اور میٹھے جملوں کا تبادلہ کررہے ہیں، چند سال پہلے ایسا نہیں تھا۔ ہندو انتہا پسند تنظیم کے رہنما اور سیاستدان گوتم گمبھیر نے سابق پاکستانی وکٹ کیپر کامران اکمل سے دوستی کی مثال کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم بہت اچھے دوست ہیں۔ درحقیقت میں نے اسے ایک بیٹ دیا اور اس نے مجھے بھی ایک بیٹ دیا جس کو میں ایک سیزن استعمال بھی کیا لیکن فیلڈ پر ہم دوست نہیں تھے۔ گوتم گمبھیر نے کھیل کے دوران کھلاڑیوں میں تلخ کلامی پر بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تھوڑا بہت ہونا چاہیے لیکن کبھی ذاتی نوعیت کا نہیں ہونا چاہیے۔