Published: 06-09-2023
سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نجم سیٹھی نے ایشیاکپ کے دوران سری لنکا کے شہر کولمبو میں بارش کی پیشگوئی سے متعلق ٹوئٹ کرکے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر جے شاہ کو کرارا جواب دیدیا۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر نجم سیٹھی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے پہلے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو آگاہ کیا کہ بارش کی پیش گوئی کی وجہ سے پاک بھارت میچ کولمبو سے ہمبنٹوٹا منتقل کررہے ہیں لیکن اگلی ای میل میں کہا جاتا ہے کہ میچز کولمبو میں ہی کھیلے جائیں گے، کیا بھارت پاکستان سے ہارنے سے ڈرتا ہے؟۔نجم سیٹھی نے ٹوئٹ میں بارش سے متعلق پیشگوئی کی تصویر بھی شیئر کی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کولمبو میں پاک بھارت میچ کے دوران بارش کے 89 فیصد امکانات موجود ہیں جبکہ ایونٹ کا فائنل 17 ستمبر کو شیڈول ہے جس میں بارش امکانات 60 فیصد ہیں۔قبل ازیں بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ نے اپنے سیاسی بیان میں کہا تھا کہ براڈ کاسٹرز، میڈیا رائنٹس ہولڈرز پاکستان میں ایشیاکپ کے تمام میچز کروانے سے ہچکچارہے تھے جبکہ سیکیورٹی مسائل اور معاشی حالات بھی انکی بڑی وجہ تھی۔واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیاکپ کا گروپ میچ بارش کے باعث متاثر ہوا تھا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹس دیدیا گیا تھا۔