گورنمنٹ ہائی سکول ٹھیکریاں میں یوم دفاع جوش و خروش سے منایا گیا‘ اساتذہ و طلباء نے پرجوش شرکت کی

Published: 06-09-2023

Cinque Terre

(رپورٹ:۔ رانا مہتاب اسلم سے)گورنمنٹ ہائی سکول ٹھیکریاں میں یوم دفاع جوش و خروش سے منایا گیا۔ اساتذہ و طلباء نے پرجوش شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز گورنمنٹ ہائی سکول ٹھیکریاں میں یوم دفاع منظم طریقے سے منایا گیا۔اس سلسلہ میں تحصیل لیول کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ صدارت پرنسپل اعجاز احمد شاہد نے کی۔ تلاوت سید مطیع اللہ نے کی۔نعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پڑھنے کی سعادت محمد اذان بٹ نے حاصل کی۔ محمد فرقان، محمد صائم، اسماعیل اور علی اصغر نے ملی نغمے اور جنگی ترانے پیش کیے۔ محمد شہریار انصر، حسیب الرحمان اور محمد فیضان نے تقاریر کیں اور شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔محمد جواد اور اس کے ساتھی طلباء نے خوبصورت ٹیبلو پیش کیا۔ محسن سلطان علی اور محمد عمران نے نقابت کے فرائض سر انجام دیے۔ محسن سلطان علی نے کہا کہ یوم دفاع ان عظیم شہداء کی یاد میں منایا جاتا ہے جنہوں نے 1965 کی جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کی۔ میجر راجا عزیز بھٹی شہید نے بے مثال جرآت کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاہور کو محفوظ رکھا اور نشان حیدر کے حقدار ٹھہرے۔ محمد عمران نے ڈاکٹر عبد القدیر خان کی خدمات کو سراہا کہ جنہوں نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا۔ صدارتی خطاب میں پرنسپل اعجاز احمد شاہد نے بانء پاکستان محمد علی جناح رحمتہ اللہ علیہ کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ حالات پر گہری نظر رکھنے والے مردِ حق آگاہ تھے۔انہوں نے اس وقت کی سب سے بڑی طاقت اور ہندو اکثریت سے پاکستان کمال حکمت سے حاصل کیا اور یوں مسلمانوں کو الگ وطن نصیب ہوا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہمیں بحیثیت قوم اپنے غیر اسلامی رویوں اور طور طریقوں پر مثبت نظرِ ثانی کی فوری ضرورت ہے تا کہ اپنی شناخت کو قائم رکھ کر پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنا سکیں۔
 

اشتہارات