بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید

Published: 10-10-2023

Cinque Terre

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران دو کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرنے کے بعد شہید کردیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قابض بھارتی فوج نے جنت نظیر وادی کے ضلع شوپیاں میں دو نہتے نوجوانوں کو بلا جواز گرفتار کیا تھا اور بہیمانہ تشدد کے بعد گولیاں مار کر ماورائے عدالت قتل کردیا۔نوجوانوں کی تشدد زدہ لاشیں گھر پہنچیں تو پورے علاقے میں کہرام مچ گیا۔ اہل علاقہ احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور بھارتی فوج کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔مظاہرین نے جدوجہد آزادیٔ کشمیر کے حق میں بھی نعرے بازی کی۔ کشمیری پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا اور بے دریغ آنسو گیس کی شیلنگ کی۔مودی سرکار کے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے سیاہ قانون کی منظوری کے بعد سے قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے نام پر کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ قابض بھارتی فوج نے 13 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا تھا اور 100 کے قریب زخمی ہوئے تھے جب کہ مختلف سرچ آپریشنز میں بھارتی فوج نے درجن سے زائد گھر بھی مسمار کردیے تھے۔

اشتہارات