Published: 14-10-2023
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے احمد آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستانی شائقین کرکٹ کے نہ ہونے کا شکوہ کردیا۔ورلڈکپ میں روایتی حریف کے خلاف میچ سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کا شدت سے انتظار ہے، ماضی میں جو ہوا اس پر توجہ نہیں ہوتی البتہ حال پر توجہ مرکوز ہے،کوشش ہوگی کہ کل کے میچ میں اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کریں۔انجری کے باعث میگا ایونٹ سے باہر ہونے والے نسیم شاہ کے حوالے سے بابراعظم کا کہنا تھا کہ فاسٹ بولر کی عدم موجودگی ہمارے لیے مشکلات کا سبب بن رہی ہے، بطور کپتان انکی کمی محسوس کرتا ہوں۔بابراعظم نے بھارت میں پاکستانی شائقین کرکٹ کے نہ ہونے کا شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ احمد آباد اسٹیڈیم میں 1 لاکھ 30 ہزار کا کراؤڈ ہوگا امید کرتے ہیں ہمیں بھی سپورٹ کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈکپ میں میرا آغاز ویسا نہیں رہا جیسا ہونا چاہئیے تھا لیکن کوشش ہوگی اگلے میچز میں پرفارم کروں، بھارت کے خلاف کارکردگی پر انکا کہنا تھا دونوں ٹیمیں ایشیائی یا آئی سی سی ایونٹس میں کھیلتی ہیں جس کی وجہ سے لمبا وقفہ آتا ہے، بھارت کا کوئی بالر نہیں بلکہ اپنی غلطی سے آؤٹ ہوتا ہوں۔کپتان نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں پربڑے اسٹیڈیم کا دباؤ نہیں، بولرز کے پاس مارجن کم ہے، اس لیے انہیں کہا ہے کہ لینتھ پرقابو رکھیں، بھارت کے ٹاپ آرڈر کو کیسے آؤٹ کرنا ہے اس کیلئے پلان کرتے ہیں، ٹی20 میں ہم نے بھارت کو ہرایا ہے ایسا نہیں کہ یہاں ہم نہیں ہراسکتے۔