Published: 18-10-2023
دھرم شالہ: ورلڈ کپ 2023 میں ایک اور اپ سیٹ، نیدرلینڈز نے جنوبی افریقا کو 38 رنز سے ہرادیا۔دھرم شالہ کے تاریخی اسٹیڈیم میں منگل کو کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز کے 246 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی پوری ٹیم 42.5 اوورز میں 207 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بارش کے باعث میچ کو 43، 43 اوورز تک محدود کیا گیا تھا۔اس سے قبل اتوار کو ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں افغانستان نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 69 رنز سے شکست دیکر تاریخ رقم کی تھی۔ یاد رہے کہ نیدرلینڈز نے 2022 میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں بھی جنوبی افریقا کو شکست دیکر ٹورنامنٹ سے باہر کیا تھا۔جنوبی افریقا جو اس میچ سے پہلے 2.36 نیٹ رن ریٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھا اب بھی اسی پوزیشن پر ہے تاہم اسکا نیٹ رن ریٹ کم ہو کر 1.385 ہو گیا ہے۔ نیدرلینڈز 2 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر آگیا۔یہ نیدرلینڈز کی ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی ہے۔ جنوبی افریقا نے اپنے پہلے دونوں میچز میں فتح حاصل کی تھی اور نیدرلینڈز کو اپنے دونوں میچز میں شکست ہوئی تھی۔ ٹورنامنٹ میں شامل تمام 10 ٹیمیں اب اپنے تین، تین میچز کھیل چکی ہیں۔جنوبی افریقا کی اننگز:246 رنز کے تعاقب میں نیدرلینڈز کے سامنے جنوبی افریقا کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ ڈیوڈ ملر کے سوا کوئی بھی کھلاڑی قابل ذکر رنز نہ بنا سکا۔ اوپنرز کوئنٹن ڈی کوک 20 رنز اور ٹیمبا بووما 16 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔جنوبی افریقا کی تیسری وکٹ 42 کے مجموعی اسکور پر گری۔ ایڈن مارکرم 1 رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔ 44 کے مجموعی اسکور پر راسی وین ڈیر ڈوسن بھی 4 رنز بناکر چلتے بنے۔ہینرک کلاسن 28 رنز، مارکو جانسن 9 رنز اور ڈیوڈ ملر 43 رنز بناکر ہمت ہار گئے۔ جیرالڈ کوٹزی 22 رنز اور کاگیسو رباڈا 9 رنز بناسکے۔ کیشو مہاراج نے 40 رنز بنائے جبکہ لونگی نگیڈی 7 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔نیدرلینڈز کی طرف سے لوگن وین بیک نے 3، باس ڈی لیڈے، روئیلوف وین ڈیر مروے اور پال وین میکرین نے 2،2 وکٹیں جبکہ کولن ایکرمین نے 1 وکٹ حاصل کی۔نیدرلینڈز کی اننگز:نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 43 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز بنائے۔ کپتان اسکاٹ ایڈورڈز ناقابل شکست 78 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔نیدرلینڈ کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے۔ وکرم جیت سنگھ 2 رنز بناکر ربادا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ میکس او ڈاؤڈ 18 رنز، باس ڈی لیڈے 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔کولن ایکرمین 12 رنز، سائبرینڈ اینجلبرچٹ 19 رنز، تیجا ندامانورو 20 رنز، لوگن وین بیک 10 اور روئیلوف وین ڈیر مروے 29 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔آریان دت 23 اور کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 78 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔جنوبی افریقا کے لنگی نگڈی، ماکرو جانسین اور کاگیسو ربادا نے دو، دو وکٹیں جبکہ گیرالڈ کوئیٹزی اور کیشو مہاراج نے ایک ایک وکٹ لی۔قبل ازیں جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان ٹمبا باؤما نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، انہوں نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، بارش کے باعث فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تاکہ حریف ٹیم کیخلاف کنڈیشنز کا فائدہ اٹھا سکیں۔اس موقع پر نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے کہا کہ کوشش ہوگی بڑا ٹارگٹ سیٹ کرکے پروٹیز کو پریشر میں لائیں۔بارش کے باعث آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ ٹاس تاخیر کا شکار ہوا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کو 43، 43 اوورز تک محدود کردیا گیا۔جنوبی افریقہ کا اسکواڈ کپتان ٹمبا باوما، کوئنٹن ڈی کوک، راسی وین ڈیر ڈوسن، ایڈن مارکرم، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، مارکو جانسن، کاگیسو ربادا، کیشو مہاراج، جیرالڈ کوٹزی اور لونگی نگیڈی نیدرلینڈز کا اسکواڈ کپتان اسکاٹ ایڈورڈز، وکرم جیت سنگھ، میکس او ڈاؤڈ، کولن ایکرمین، باس ڈی لیڈے، تیجا ندامانورو، سائبرینڈ اینجلبرچٹ، روئیلوف وین ڈیر مروے، لوگن وین بیک، آرین دت، پال وین میکرین