Published: 11-11-2023
نئی دہلی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے اپنے شوہر راگھو چڈھا کے لیے سوشل میڈیا پر محبت بھرا پیغام جاری کرتے ہوئے اُنہیں اپنی ‘دوا’ قرار دے دیا۔راگھو چڈھا آج اپنی 35ویں سالگرہ منا رہے ہیں، اس موقع پر اُن کی اہلیہ و اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاوْنٹ پر شوہر کے لیے محبت بھرا پیغام جاری کیا۔پرینیتی چوپڑا نے راگھو چڈھا کے ساتھ گُزارے گئے زندگی کے چند حسین لمحوں کی تصاویر انسٹاگرام پر پوسٹ کیں، جن میں سے ایک تصویر میں اداکارہ کے پاوْں پر مہندی بھی لگی ہوئی ہے۔اداکارہ نے راگھو چڈھا سے مخاطب ہوتے ہوئے اپنی پوسٹ میں کہا کہ “میری راگائی! آپ خدا کی طرف سے مجھے ملنے والے تمام تحائف میں سب سے بہترین تحفہ ہیں”۔اُنہوں نے کہا کہ “آپ کی ذہانت، آپ کی سوچ ہمیشہ مجھے متاثر کرتی ہے، آپ کی دیانتداری اور سچائی نے مجھے ایک بہترین انسان بنایا ہے، اس جدید دور میں بھی آپ پُرانی روایات کا احترام کرتے ہیں”۔پرینیتی چوپڑا نے کہا کہ “میرے خاندان کو اپنا خاندان سمجھتے ہیں، اُن سے پیار کرتے ہیں، یہ سب دیکھ کر مجھے بہت زیادہ خوشی ہوتی ہے اور آپ کا پُرسکون رہنا میرے لیے دوا کی مانند ہے”۔اداکارہ نے اپنی پوسٹ کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ “آج میرا پسندیدہ دن ہے کیونکہ آج کے دن آپ میرے لیے اس دُنیا میں آئے، میرے شوہر کو سالگرہ مبارک ہو، میرا انتخاب کرنے کے لیے شکریہ”۔واضح رہے کہ رواں برس 24 ستمبر کو پرینیتی چوپڑا نے عام آدمی پارٹی سے تعلق رکھنے والے معروف بھارتی سیاست دان راگھو چڈھا کے ساتھ ریاست راجستھان کے شہر اودے پور میں شاہی انداز میں شادی کی تھی، اس جوڑے کی شادی کی تقریب میں اہلخانہ سمیت قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی۔بھارتی میڈیا کے مطابق پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی شادی میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال، پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان سمیت پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے بھی شرکت کی تھی۔