Published: 19-11-2023
احمد آباد: کرکٹ کی عالمی بادشاہت کا تاج کس کے سر سجے گا؟، بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ٹورنامنٹ کا فائنل آج ہوگا۔دونوں ٹیمیں احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی۔ پاکستانی وقت کے مطابق میچ کا آغاز سہ پہر 1:30 پر ہوگا۔ میچ سے قبل موسیقی کی تقریب اور ایئر شو بھی منعقد ہوگا۔انڈین میڈیا کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی ورلڈ کپ کا فائنل میچ دیکھنے اسٹیڈیم پہنچیں گے جبکہ بالی ووڈ کی مشہور شخصیات کی آمد بھی متوقع ہے۔ ایک لاکھ 32 ہزار افراد کی گنجائش والا اسٹیڈیم تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا ہوگا۔خیال رہے کہ آسٹریلیا 8 ویں بار جبکہ بھارت چوتھی مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچا ہے۔ آسٹریلیا کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ بار چیمپئن بننے والی ٹیم ہے جس نے پانچ مرتبہ 1987، 1999، 2003، 2007 اور 2015 میں ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔آسٹریلیا کی ٹیم اگر آج بھارت کو ہرانے میں کامیاب ہوگئی تو وہ ریکارڈ چھٹی بار یہ ٹرافی اٹھائے گی۔ بھارت دو بار کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن چکا ہے۔ بھارت نے آخری ورلڈ کپ 2011 میں جیتا تھا جبکہ پہلی بار 1983 میں چیمپئن بنا تھا۔ورلڈ کپ میچز میں بھارت کیخلاف آسٹریلیا کا پلڑا بھاری ہے۔ دونوں ٹیمیں اب تک 13 بار آمنے سامنے آچکی ہیں جس میں آسٹریلیا نے آٹھ جبکہ بھارت نے پانچ میچز جیتے ہیں۔فائنل میچ اسی پچ پر کھیلا جائے گا جس پر 14 اکتوبر کو بھارت اور پاکستان آمنے سامنے آئے تھے۔ رواں ٹورنامنٹ میں یہاں اب تک 4 میچ کھیلے گئے ہیں جس میں کسی بھی میچ میں ایک اننگز میں 300 رنز نہیں بنے۔ 286 رنز پہلی اننگز کا بہترین اسکور رہا ہے۔