Published: 27-11-2023
لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق اور ڈاکٹر انمول محمود کے ولیمے کی تقریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، تقریب میں کھلاڑیوں سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔21 نومبر کو ناروے میں مہندی کی تقریب سے شروع ہونے والی امام الحق اور ڈاکٹر انمول محمود کی شادی کی تقریبات کا اختتام ہوگیا ہے، گزشتہ روز (26 نومبر کو) لاہور میں اس جوڑے کے ولیمے کی تقریب منعقد کی گئی تھی۔امام الحق نے اپنے ولیمے کے دن نیلے رنگ کا تھری پیس سوٹ زیب تن کیا جبکہ اُن کی دلہنیا انمول دلکش پستہ گرین رنگ کے عروسی لباس میں حسین نظر آئیں۔انمول اور امام کے ولیمے کی تقریب میں سابق کپتان بابر اعظم، سرفراز احمد، مصباح الحق، چیف سلیکٹر وہاب ریاض، انضمام الحق، ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہین آفریدی، ٹیسٹ کپتان شان مسعود، حسن علی، عثمان قادر، عابد علی، کامران اکمل، سابق ڈائریکٹر پی سی بی ذاکر خان اور قومی ٹیم کے اسسٹنٹ منیجر منصور رانا سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے اپنے آفیشل ایکس اکاوْنٹ پر امام الحق اور انمول کے ولیمے کی تصویر پوسٹ کرکے اس جوڑے کی نئی زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ امام الحق اور انمول محمود کی شادی کی تقریبات آغاز 21 نومبر کو ناروے میں ہونے والی مہندی کی تقریب سے ہوا تھا، 23 نومبر کو لاہور میں اس جوڑے کی قوالی نائٹ کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں بابراعظم، عثمان قادر، سرفراز احمد، کامران اکمل، مشتاق احمد سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔25 نومبر کو امام الحق اور انمول محمود نکاح کی تقریب منعقد ہوئی تھی جس کی تصاویر اور ویڈیوز اس جوڑے نے اپنے سوشل میڈیا اکاوْنٹس پر پوسٹ کی تھیں۔