ذوالفقارعلی بھٹو کی پھانسی کا معاملہ، صدارتی ریفرنس سماعت کیلیے مقرر

Published: 08-12-2023

Cinque Terre

 اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی سے متعلق فیصلے کیخلاف دائر صدارتی ریفرنس کو گیارہ سال بعد سماعت کیلیے مقرر کردیا، جس پر 12 دسمبر کو چیف جسٹس کی سربراہی میں 9 رکنی لارجر بینچ سماعت کرے گا۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت تین رکنی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں ملکی تاریخ کے اہم عدالتی مقدمات کو سماعت کیلئے مقرر کردیا گیا۔سپریم کورٹ نے آئندہ ہفتے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو عدالت سے پھانسی دینے کیخلاف صدارتی ریفرنس، جوڈیشل کونسل کی کارروائی کیخلاف جسٹس مظاہر نقوی کیخلاف آئینی درخواستوں کے علاوہ سابق جج اسلام آباد ہائیکورٹ شوکت عزیز صدیقی کی درخواست کو بھی سماعت کیلئے مقرر کردیا۔ذوالفقار علی بھٹو صدارتی ریفرنس سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو عدالت سے پھانسی دینے کیخلاف صدراتی ریفرنس پر 12 دسمبر بروز منگل کو سماعت ہوگی۔ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں نو رکنی لارجر بینچ کیس کی سماعت کرے گا، بینچ میں جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحیٰی آفریدی، جسٹس امین الدین، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر ،جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس مسرت ہلالی بھی نو رکنی لارجر بینچ میں شامل ہیں۔واضح رہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دینے کے فیصلے کیخلاف صدارتی ریفرنس پر اب تک سپریم کورٹ میں چھ سماعتیں ہوچکی ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے دو اپریل سن دو ہزار گیارہ کو ریفرنس سپریم کورٹ میں بھیجا تھا۔صدارتی ریفرنس پر پہلی سماعت دو جنوری سن دو ہزار بارہ میں ہوئی تھی جبکہ آخری سماعت بارہ نومبر سن دوہزار بارہ میں ہوئی تھی۔ سپریم کورٹ نے صدارتی ریفرنس گیارہ سال بعد سماعت کیلئے مقرر کیا ہے۔سابق جج شوکت عزیز صدیقی کیس سماعت کیلیے مقرراس کے علاوہ سپریم کورٹ نے سابق جج اسلام آباد ہائیکورٹ شوکت عزیز صدیقی کا کیس بھی سماعت کیلئے مقرر کر دیا ۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ چودہ دسمبر دن ساڑھے گیارہ بجے سماعت کرے گا۔بینچ میں جسٹس امین الدین خان ،جسٹس جمال خان مندوخیل ،جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس عرفان سعادت خان شامل ہیںجسٹس مظاہر نقوی سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کیخلاف درخواستیں بھی سماعت کیلیے مقرراس کے علاوہ جسٹس مظاہر نقوی کی سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کے خلاف دو درخواستیں بھی آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کردی ہیں۔ جسٹس مظاہر نقوی نے سپریم جوڈیشل کونسل کارروائی کو چیلنج کیا ہوا ہے۔

اشتہارات