Published: 26-12-2023
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کو عام انتخابات 2024 کے کاغذات نامزدگی کی مد میں 65 کروڑ 54 لاکھ روپے سے زائد فیس موصول ہوئی ہے۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی تفصیلات اور اس کی مد میں وصول ہونے والی فیس کی تفصیل جاری کردی گئی۔اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن کو کاغذات نامزدگی کی مد میں 65 کروڑ 54 لاکھ 70 ہزار روپے کی فیس موصول ہوئی۔ اس میں سے قومی اسمبلی کی نشستوں پر 8312 کاغذات نامزدگی کی فیس کی مد میں 24 کڑور 93 لاکھ 90 ہزار روپے موصول ہوئی۔اعلامیے کے مطابق قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کے لئے 7713 کاغذات نامزدگی کی فیس کی مد میں 23 کڑور 13 لاکھ 90 ہزار روپے، خواتین کی مخصوص نشستوں کے لئے 459 کاغذات نامزدگی کی فیس کی مد میں 1 کڑور 37 لاکھ 70 ہزار روپے موصول ہوئے۔قومی اسمبلی کی اقلیتوں کی نشستوں کے لئے 140 کاغذات نامزدگی کی فیس کی مد میں 45 لاکھ روپےموصول ہوئے۔اسی طرح صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لئے 20304 کاغذات نامزدگی کی فیس کی مد میں 40 کڑور 60 لاکھ 80 ہزار روپے الیکشن کمیشن کو موصول ہوئے۔ اعلامیے کے مطابق صوبائی اسمبلی کی جنرل نشستوں کے لئے 18546 کاغذات نامزدگی کی فیس کی مد میں 37 کڑور 9 لاکھ 20 ہزار روپے موصول ہوئے۔الیکشن کمیشن کے مطابق صوبائی اسمبلی میں خواتین کے لئے مخصوص نشستوں کے 1365 کاغذات نامزدگی کی فیس کی مد میں 2 کڑور 73 لاکھ روپے، اقلیتوں کی نشستوں پر 393 کاغزات نامزدگی کی فیس کی مد میں 78 لاکھ 60 ہزار روپے موصول ہوئے۔