Published: 07-01-2024
کراچی: شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عفان وحید نے ساتھی اداکارہ درفشاں سلیم سے شادی کی خبروں پر وضاحت پیش کردی۔عفان وحید نے حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے پروگرام “ہنسنا منع ہے” میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے کیریئر سمیت اُن کی شادی سے متعلق افواہوں پر بات کی۔پروگرام کے دوران سامعین میں بیٹھے ایک شخص نے عفان وحید سے اُن کی اور درفشاں سلیم کی شادی سے متعلق سوال کیا جس پر اداکار نے کہا کہ “درفشاں کے ساتھ عروسی لباس میں وائرل ہونے والی تصاویر شادی کی نہیں بلکہ اُن کے برائیڈل شوٹ کی تھیں”۔عفان وحید نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ “میرا اور درفشاں سلیم کا ڈراما آیا تھا جوکہ کافی مقبول ہوا تھا جس کے بعد ایک برانڈ نے ہمیں برائیڈل فوٹو شوٹ کرنے کی پیشکش کردی تھی”۔اداکار نے کہا کہ “وہ فوٹو شوٹ جیسے ہی وائرل ہوا تو سوشل میڈیا اور یوٹیوب پر یہ افواہیں پھیل گئی تھیں کہ میں نے درفشاں سلیم سے شادی کرلی ہے جبکہ وہ صرف فوٹو شوٹ تھا”۔اُنہوں نے مزید کہا کہ “ڈراموں میں اور یوٹیوب پر کافی بار میری شادی کی جاچکی ہے لیکن حقیقت میں میرا شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے”۔واضح رہے کہ سال 2022، فروری میں عفان وحید اور درفشاں سلیم نے ایک برانڈ کا برائیڈل فوٹو شوٹ کروایا تھا جس کے بعد یہ افواہیں گردش کرنے لگی تھیں کہ ان دونوں نے شادی کرلی ہے۔