ڈی پی او گجرات سید اسد مظفر کا شہریوں کی خدمت کیلئے ایک او ر سنگ میل،مکیانہ میں بھی پولیس خدمت مرکز کا افتتاح کردیا گیا

Published: 10-01-2024

Cinque Terre

(رپورٹ:۔ چوہدری نصیر افضل سے)ڈی پی او گجرات سید اسد مظفر کا شہریوں کی خدمت کیلئے ایک او ر سنگ میل،مکیانہ میں بھی پولیس خدمت مرکز کا افتتاح کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر عثمان انور کے ویژن کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرسید اسد مظفر نے عوامی خدمت کے تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے مکیانہ میں بھی پولیس خدمت مرکز کا افتتاح کر دیا۔ڈی پی او گجرات نے دور دراز کے شہریوں کو پولیس سے متعلق تمام تر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پولیس خدمت مرکز کا قیام عمل میں لایا۔پولیس خدمت مرکز کے افتتاح کے موقع پر ڈی ایس پی صدر سرکل عدنان احمدملک،ایس ایچ اوتھانہ دولت نگر انسپکٹر صغیر بھدر،ایس ایچ او کڑیانوالہ انسپکٹر عدنان احمد، ایس ایچ او سٹی جلالپورجٹاں SI اختر حسین،چوہدری خان محمد مکیانہ،دیگر تاجر برادری اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انچارج خدمت مرکزSI آفتاب نے خدمت مرکز پر شہریوں کو ایک چھت تلے فراہم کردہ سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی کہ اس سے قبل مکیانہ اور گردونواح  کے شہریوں کو پولیس سے متعلق خدمات کے حصول کے لیے گجرات کا سفر کرنا پڑتا تھا جو کہ اب انہیں اپنے علاقہ میں باآسانی دستیاب ہوں گی۔ڈی پی او گجرات نے خدمت مرکز پر تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے اور عملہ کو عوامی خدمت کے جذبے سے سر شار ہو کر فرائص کی ادائیگی کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ڈی پی او گجرات سید اسد مظفر کا کہنا تھا کہ خدمت مرکز پر شہریوں کو پولیس سے متعلق تمام تر سہولیات اور خدمات طویل اور کٹھن مسافت کی بجائے مکیانہ میں ایک چھت تلے میسر ہوں گی۔ پولیس عوام الناس کی جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ہر ممکن سہولیات دینے کے لئے دن رات کوشاں ہے۔
 

اشتہارات