گجرات پولیس تھانہ صدر کا اندھے قتل کی واردات ٹریس‘ ملزم نے دوران ڈکیتی قتل کر دیا تھا

Published: 08-02-2024

Cinque Terre

(رپورٹ:۔ چوہدری نصیر افضل سے)گجرات پولیس تھانہ صدر نے اندھے قتل کی واردات ٹریس کرلی‘گزشتہ ماہ لوراں کے قریب سے ملنے والی نامعلوم نعش کی شناخت کرلی گئی،۔پولیس نے انتہائی محنت اور جانفشانی سے قاتلوں کو انتہائی قلیل عرصہ میں گرفتار کرلیا۔مقتول کو کار اور رقم ہتھیانے کے لئے قتل کیا گیا۔گزشتہ ماہ تھانہ صدر گجرات کے علاقہ لوراں کے قریب سے ایک نامعلوم مرد کی نعش برآمد ہوئی،جس کو بذریعہ فائرنگ قتل کیا گیا تھا۔ نعش ناقابل شناخت تھی پولیس نے نعش قبضہ میں لے کر نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔ نعش کی شناخت کے لئے سوشل میڈیا پر اشتہارجاری کئے گئے۔ بعد ازاں موضع سدھ کے رہائشی مقتول کے بیٹے عمران خان نے نعش کی شناخت 60سالہ خادم حسین کے نام سے کرلی۔ جوکہ گاڑیوں کی خریدو فروخت کا کاروبار کرتا تھا۔ ڈی پی او گجرات سید اسد مظفر نے اس اندھے قتل کی لرزہ خیز واردات کو ٹریس کرنے اور سفاک قاتلوں کی جلد گرفتاری کے لئے ایس ایچ او تھانہ صدر گجرات انسپکٹر عمران سوہی کو خصوصی ٹاسک دیا۔اور ہدائیت کہ قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرکے قتل کے اصل محرکات کو سامنے لایا جائے۔ تفتیشی ٹیم نے اندھے قتل کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی۔ پولیس ٹیم نے انتہائی قلیل عرصہ میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے انتہائی محنت اور جانفشانی سے اندھے قتل کی واردات کو ٹریس کرکے سفاک قاتلوں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان میں 1۔احمد فراز ولد نصراللہ خاں سکنہ فتح پور 2۔آفتاب خضر ولد خصرحیات سکنہ فتح پور شامل ہیں۔ جنہوں نے اعتراف جرم کرتے ہوئے دوران انٹیروگیشن انکشاف کیا کہ ان کی مقتول کے ساتھ قبل ازیں شناسائی تھی اور انہوں نے مقتول سے کار اور رقم ہتھیانے کے لئے اسے فائرنگ کرکے قتل کردیا اور نعش کو فتح پور روڑ پر لوراں کے قریب جھاڑیوں میں پھینک دیا اور بعد ازاں کار اور رقم سمیت روپوش ہوگئے۔تفتیشی پولیس ٹیم نے ملزمان سے آلہ قتل پسٹل 30بور۔کار۔ موبائل فون اور رقم برآمد کرلی۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ڈی پی او گجرات سید اسد مظفر کا کہناہے کہ قاتل کتنے ہی چالاک کیوں نہ ہوں وہ قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔ ایسے سفاک قاتلوں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی اور مقتول کے لئے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
 

اشتہارات