شہباز شریف اور آصف زرداری کا وفاق میں مخلوط حکومت بنانے پر اتفاق

Published: 10-02-2024

Cinque Terre

 لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق صدر آصف علی زرداری کی اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں وفاق میں حکومت بنانے پر دونوں رہنماؤں نے اتفاق کرلیا۔مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت آصف زرداری، بلاول بھٹو، فریال تالپور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے گھر پہنچے جہاں تھوڑی دیر بعد ن لیگ کے صدر شہباز شریف بھی ساتھیوں کے ساتھ پہنچے۔نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کا استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔ محسن نقوی کی رہائش گاہ پر دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی اہم ملاقات ہوئی۔ شہباز شریف اور آصف زرداری نے ملاقات میں آئندہ حکومت سازی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔شہباز شریف نے آصف علی زرداری کو مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا خصوصی پیغام پہنچایا اور کہا کہ ’پاکستان میں سیاسی و معاشی استحکام کیلیے دونوں جماعتوں کا ساتھ ملکر چلنا ضروری ہے‘۔ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پنجاب اور وفاق میں حکومت سازی پر اتفاق کرلیا جبکہ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی آمادگی ظاہر کی۔ دونوں رہنماؤں نے حکومت سازی کیلیے آئندہ ملاقات میں اپنی اپنی جماعتوں کی آرا پیش کرنے اور تمام معاملات کو باہمی مشاورت کے ساتھ حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق کیا۔ن لیگ کے ذرائع کے مطابق نواز شریف نے شہباز شریف کو وفاق و پنجاب میں حکومت سازی کے لئے تمام تر اقدامات کا مینڈیٹ سونپ دیا۔بلاول بھٹو زرداری سکھر سے خصوصی نجی طیارے سے لاہور پہنچے ہیں، جہاں وہ اگلی حکومت سازی کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران سے مشاورت کریں گے۔  آئندہ حکومت سازی کے حوالے سے لاہور میں سیاسی بیٹھک سجے گی۔

اشتہارات