اداروں کو اعتماد میں لیں گے اوراعتماد دیں گے، علی امین گنڈاپور

Published: 15-02-2024

Cinque Terre

ڈیرہ اسماعیل خان: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور خیبرپختونخوا  کے نامزد وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ جلد ہی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلاؤں گا اور مشاورت سے فیصلے کریں گے، اداروں کو اعتماد میں لیں گے اور اعتماد دیں گے۔ علی امین گنڈا پور نے ڈیرہ اسماعیل خان سے پشاور روانگی کے موقع پر بتایا کہ پاکستان بھر میں ضمانت ہوچکی ہے، پشاور پہنچ کر آزاد امیدواروں کے ساتھ ملاقات کریں گے اور مستقبل کے لائحہ عمل پر مشاورت کی جائے گی۔نامزد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جلد پشاور میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلاؤں گا، تمام اراکین اسمبلی سے رابطے میں ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم باہمی مشاورت سے پالیسیاں بنائیں گے، صحت کارڈ اور لنگرخانے دوبارہ شروع کریں گے۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اداروں کو اعتماد میں لیں گے اور اعتماد دیں گے، غربت کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کریں گے۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے علی امین گنڈا پور کو خیبرپختونخوا کا وزیراعلیٰ نامزد کردیا ہے، جنہوں نے ڈیرہ اسمٰعیل خان سے قومی اور صوبائی اسمبلی کی دونوں نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

اشتہارات