بھارتی فلم پروڈیوسر 2 ہزار کروڑ کی منشیات اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار

Published: 10-03-2024

Cinque Terre

نئی دہلی: بھارتی ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کے پروڈیوسر جعفر صادق کو 2 ہزار کروڑ روپے کی منشیات بیرن ممالک اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کو گزشتہ چار ماہ سے پروڈیوسر جعفر صادق کی تلاش تھی اور بالآخر 9 مارچ یعنی آج اُنہیں گرفتار کرلیا گیا۔این سی بی نے جعفر صادق کو بھارت سے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ منشیات اسمگلنگ کے  نیٹ ورک کا ‘ماسٹر مائنڈ’ قرار دیا ہے، اُنہوں نے اب تک آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کو بھارتی 2 ہزار کروڑ روپے کی منشیات اسمگل کی ہیں۔نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے بتایا کہ ملزم جعفر صادق نے 45 سے زائد مرتبہ 3500 کلو ایفی ڈرین بیرون ممالک بھیجی، پروڈیوسر کی گرفتاری اُس وقت عمل میں آئی جب این سی بی نے چنئی میں دو ٹرین مسافروں سے 180 کروڑ روپے کی 36 کلو منشیات برآمد کی جوکہ بھارت سے سری لنکا اسمگل ہونی تھی۔این سی بی نے مزید بتایا کہ چنئی کی ٹرین سے گرفتار ہونے والے دونوں ملزمان میاں بیوی ہیں، اس جوڑے کے پاس سے برآمد کی جانے والی منشیات میں آئس بھی شامل تھی۔واضح رہے کہ جعفر صادق نے اب تک چار فلمیں پروڈیوس کی ہیں، اُن کی چوتھی فلم رواں ماہ ریلیز ہونے کا امکان ہے۔

اشتہارات