پی ایس ایل کے جعلی ٹکٹ فروخت کرنے والا گروہ پکڑا گیا

Published: 12-03-2024

Cinque Terre

  کراچی: نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے میچ کے جعلی ٹکٹ فروخت کرنے والا گروہ پکڑا گیا۔ پیر کو نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے میچ کے دوران جعلی ٹکٹ فروخت کرنے والا افغان باشندہ پکڑا گیا جس کے پاس سے 37 جعلی ٹکٹ برآمد ہوئے ہیں۔پی سی بی کے سکیورٹی عملے نے جعلی ٹکٹ رکھنے والے سات افراد کو بھی دھر لیا، جعلی ٹکٹ خریدنے والوں نے پوچھ گچھ پر  فروخت کرنے والے کی نشان دہی کی جو افغان باشندہ نکلا اور اپنا نام علی بتایا۔پی سی بی حکام کا کہنا تھا کہ جعلی ٹکٹ فروخت کرنے والے کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی، واضح رہے کہ اتوار کے روز کوئٹہ گلیڈی ایٹر اور لاہور قلندرز کے درمیان میچ کے دوران بھی  جعلی ٹکٹ فروخت کرنے والے کو پکڑا گیا تھا۔دریں اثنا اسٹیڈیم میں موجود ٹکٹ فروخت کرنے والے ادارے کے حکام کا کہنا تھا کہ جعلی ٹکٹ والا انکلوژرز میں داخل نہیں ہوسکتا، داخلے کے وقت اسکین کے دوران جعلی ٹکٹ پکڑا جاتا ہے۔ادھر نیشنل بنک اسٹیڈیم حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی سرکوبی کی جائے گی جبکہ مسلسل دو روز جعلی ٹکٹ فروخت کرنے کے واقعات کے بعد اسٹیڈیم میں سیکورٹی مزید سخت کر دی گئی۔

اشتہارات