ہمارے ساتھیوں کو ڈرا دھمکا کر وفاداریاں تبدیل کرانے والوں کو رسوائی کے سواکچھ نہیں ملے گا‘ ثمیرہ الٰہی

Published: 07-04-2024

Cinque Terre

(رپورٹ:۔ چوہدری نصیر افضل سے) امیدوار برائے پی پی 34 ثمیرہ الٰہی گزشتہ روز شہر گجرات کا تعزیتی دورہ کیا اور مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ خدمت اور تابعداری کی سیاست کی ہے یہی وجہ ہے کہ عوام کی بڑی تعداد آج بھی ہمارے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ چودھری ظہور الٰہی شہید کی اصولی سیاست کے پیروکار چودھری پرویز الٰہی اور چودھری مونس الٰہی ہیں کیونکہ انہوں نے ہر ظلم برداشت کیا لیکن حق اور سچ کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ گجرات کے لوگوں نے بھی تمام مظالم کے باوجود ہمت نہیں ہاری ہم ان کی ہمت اور جرأت کو سلام پیش کر تے ہیں۔ محترمہ ثمیرہ الٰہی نے کہا کہ آج جس طرح ڈرا دھمکا کر ہمارے قریبی ساتھیوں، رہنماؤں اور کارکنان کی وفاداریاں تبدیل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہے یہ پہلے بھی ہو چکا ہے جس کا نتیجہ سوائے رسوائی کے کچھ نہیں ملا۔ انشاء اللہ 21 اپریل کو عوام گھوڑے کے نشان پر مہر لگا چودھری پرویز الٰہی کے ساتھ اپنی محبت کا ثبوت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بچہ بچہ جانتا ہے کہ  پی پی 32 میں تمام ترقیاتی کام چودھری پرویز الٰہی اور چودھری مونس الٰہی نے کروائے ہیں ہمارے کیے ہوئے ترقیاتی کاموں پر اپنی سیاست چمکانے والوں کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔انشاء اللہ چودھری پرویز الٰہی صاحب بہت جلد عوام کے درمیان ہونگے اور پھر سے ترقیاتی اور خوشحالی کا دور گجرات میں وہی سے شروع ہو گا جہاں انتقامی سیاست کرنے والوں نے روکا تھا۔ 
 

اشتہارات