سلمان خان کے گھر کے باہر اتوار کو فائرنگ کے بعد خاندان محتاط

Published: 14-04-2024

Cinque Terre

بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کا خاندان اتوار کی صبح سویرے ممبئی میں انکے گھر کے باہر ہونے والی فائرنگ کے بعد کافی محتاط ہوگیا۔ اس حوالے سے بھارتی خبر رساں ایجنسی نے ممبئی پولیس کے حوالے سے بتایا کہ سلمان خان کی باندرا میں واقع رہائشگاہ کے باہر دو نامعلوم افراد نے فائرنگ کی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس واقعے کے بعد سلمان خان کے والد سلیم خان واک پر گئے، تاہم انکے گھر پر سیکیورٹی بڑھادی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خاندان کے محتاط ہونے کے باوجود 88 سالہ سلیم خان اس پر بالکل بھی پریشان نہیں ہوئے اور اپنی روز مرہ کی مصروفیات کو ترک نہیں کیا۔یاد رہے کہ سلمان خان نے تین روز قبل عیدالفطر کے موقع پر اپنے گھر کی بالکونی سے گھر کے سامنے جمع ہونے والے مداحوں کو عید کی مبارکباد دی تھی۔ حالانکہ سلمان خان نے اس حوالے سے اب تک کوئی بیان جاری نہیں کیا تاہم انکے والد سلیم خان نے فائرنگ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا اس پر کچھ نہیں بولنا چاہتا، یہ صرف پبلسٹی حاصل کرنے کا طریقہ ہے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ دوسری جانب ممبئی پولیس نے کہا کہ اتوار کی صبح پانچ بجے فائرنگ کا یہ واقعہ پیش آیا، پولیس کو تین گھنٹے بعد اسکی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد کرائم برانچ تفتیش کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچی۔

اشتہارات