آئی پی ایل بولرز کیلئے ڈراؤنا خواب، حیدرآباد اور بنگلور کے میچ میں 549 رنز بن گئے

Published: 16-04-2024

Cinque Terre

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) بولرز کیلئے ڈراؤنا خواب بن گئی جہاں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک میچ کے دوران سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ بن گیا۔ سن رائزرز حیدرآباد اور رائل چیلنجر بنگلور کے میچ میں  مجموعی طور پر 549 رنز بن گئے۔اس سے قبل ایک میچ میں سب سے زیادہ 523 رنز کا ریکارڈ بھی آئی پی ایل کے اسی ایڈیشن کے دوران 27 مارچ کو سن رائزرز حیدرآباد اور ممبئی انڈینز کے میچ کے دوران بنے تھے۔ سن رائزرز حیدرآباد کی ٹیم نے آج 3 وکٹ پر 287 رنز بنائے، حیدر آباد کا اسکور فرنچائز کرکٹ کا سب سے بڑا اور ٹی ٹوئنٹیز کا دوسرا بڑا ٹیم ٹوٹل بھی گیا۔ پہلی اننگز کے بعد دوسری اننگز بھی اسی طرح دھواں دار رہی، لیکن ریکارڈ ہدف کے تعاقب میں رائل چیلنجرز بینگلور کی ٹیم صرف 24 رنز دور رہی۔ اس نے 7 وکٹوں پر 262 رنز بنائے۔ رائل چیلنجرز بنگلور کا اسکور دوسری بیٹنگ میں کسی بھی ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے بڑا اسکور ہے۔آئی پی ایل کے موجودہ ایڈیشن میں ٹیمیں چار مرتبہ 250 یا اس سے زائد کا اسکور بناچکی ہیں۔ کسی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے ایک ایڈیشن میں یہ سب سے زیادہ 250 یا اس سے زائد کے ٹوٹل کا ریکارڈ ہے۔ 2023 اور 2022 میں انگلینڈ کے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں تین مرتبہ 250 یا اس سے زائد کے اسکور بنے تھے۔ واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے 8 بڑے ٹوٹل میں سے تین ٹوٹل آئی پی ایل کے موجودہ ایڈیشن میں ہی بن گئے۔

اشتہارات