ارباب اختیار کسانوں کا استحصال روکیں، ندیم افضل چن

Published: 17-04-2024

Cinque Terre

پاکستان پیپلز پارٹی نے کسانوں سے گندم کا ایک ایک دانہ خریدنے کا مطالبہ کردیا۔ماڈل ٹاؤن لاہور میں واقع پیپلز پارٹی سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کے دوران ندیم افضل چن نے کہا کہ ارباب اختیار کسانوں کا استحصال روکیں۔  12 ارب روپے کی سبسڈی میں کسان کو ایک روپیہ بھی نہیں ملا ہے۔پی پی رہنما نے مزید کہا کہ مہنگی کھاد اور مہنگے آلات ہونے کے باوجود گندم کی اچھی فصل ہوئی ہے۔ پاکستان کو جس چیز نے بچایا، وہ زراعت ہے، جب کاشتکار خوشحال ہوتا ہے تو دکاندار بھی خوشحال ہوتا ہے۔ندیم افضل چن نے یہ بھی کہا کہ نگراں حکومت نے اسٹاک میں گندم ختم کرنے کی بجائے نجی سیکٹر کو گندم درآمد کرنے کی اجازت دے دی۔انہوں نے کہا کہ گندم باہر سستی ہو تو کسان کو نقصان اٹھانا پڑتا ہے، گندم اور کپاس ملک کی قومی فصلیں ہیں۔پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے دوران بھی کسان کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا تھا، ارباب اختیار کسان کا استحصال روکیں، ہم ضرورت پڑنے پر احتجاج بھی کریں گے۔

اشتہارات