سندھ کابینہ کے مزید 8 وزرا نے حلف اٹھا لیا، تعداد 18 ہو گئی

Published: 17-04-2024

Cinque Terre

سندھ کابینہ کے مزید آٹھ وزرا نے حلف اٹھا لیا جس کے بعد سندھ میں وزراء کی تعداد 18 ہو گئی۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے نئے وزرا سے حلف لیا۔سندھ کابینہ میں مزید آٹھ وزرا شامل ہوگئے۔ گورنرہاؤس کراچی میں گورنر کامران ٹیسوری نے جام اکرام دھاریجو، محمد علی ملکانی، مخدوم محبوب الزمان، دوست محمد راہموں، شاہد عبدالسلام تھیم، ریاض حسین شاہ شیرازی، شاہینہ شیر علی، میر طارق علی تالپور سے صوبائی وزیر کے عہدے کاحلف لیا۔تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ سمیت چیف سیکرٹری، صوبائی وزراء اور میئر کراچی شریک ہوئے۔ توسیع کے بعد سندھ کابینہ میں وزرا کی تعداد اٹھارہ ہوگئی ہے۔ بعد میں سندھ حکومت نے وزیر اعلیٰ کی منظوری سے صوبائی وزراء کو قلمدان تفویض کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا، جس کے مطابق مخدوم محبوب الزمان کو بحالیات، محمد علی ملکانی کو جامعات اور بورڈ، شاہد تھیم کو محکمہ محنت اور شاہینہ شیر علی کو ترقی خواتین کا قلمدان دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ریاض شاہ شیرازی کو اوقاف اور زکوٰۃ و عشر، طارق تالپور کو سوشل ویلفیئر، جام اکرام دھاریجو کو صنعت و تجارت اور دوست محمد راہموں کو ماحولیات اور ساحلی ترقی کا قلمدان دیا گیا ہے۔ ایک اور نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی وزیر برائے جیل علی حسن زرداری کو محکمہ ورکس اینڈ سروسز کا قلمدان بھی دیا گیا ہے۔

اشتہارات