Published: 17-05-2024
پاکستان کے ریڈ بال کوچ جیسن گلیسپی نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے چیلنج کیلئے تیار ہوں،کوشش کریں گے غلطی کی گنجائش نہ رہے۔ آسٹریلوی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے جیسن گلیسپی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے چیلنج کے لیے تیار ہوں، میں نے پاکستان میں کوچنگ کے حوالے سے بہت سے لوگوں سے بات کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیو وٹمور سے بات چیت ہوئی ہے، وہ کئی ممالک میں کوچنگ کرچکے ہیں، ڈیوڈ وٹمور نے کافی معلومات دی ہیں اور اچھی نصیحت بھی کی ہے، میں جیف لاسن کے ساتھ بھی بات کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔جیسن کا کہنا تھاکہ سائمن ہیلمٹ گزشتہ سال پاکستان ٹیم کے ساتھ تھے، انہوں نے اچھے مشورے دیے اچھی چیزیں بتائیں، سائمن ہیلمٹ نے مجھے کھلاڑیوں کے بارے میں بتایا وہ کیا سوچتے ہیں، یہ سب میرے لیے بہت شاندار ہے، میں کھلی آنکھوں کے ساتھ جا رہا ہوں، کوئی غلطی نہیں کروں گا۔