Published: 19-05-2024
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ مومنہ اقبال نے سوشل میڈیا پر فالوورز دیکھ کر فنکاروں کو کام کی پیشکش کرنے پر پروڈکشن ہاؤسز کے نام تنقیدی پیغام جاری کردیا۔اداکارہ مومنہ اقبال کاایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہور ہا ہے جس میں وہ ساتھ کھڑے شخص سے مخاطب ہیں اور کہتی ہیں کہ " کیا کہہ رہے ہیں آپ لوگ کہ میں ڈرامے نہ کروں اب؟"جس پر انہیں جواب ملتا ہے کہ "نہیں آپ فلم کریں"۔انہوں نے طنزیہ طور پر کہا کہ " نہ میں ڈرامہ کروں گی نہ فلم کیونکہ میرے فالوورز صرف ایک ملین ہیں"۔مومنہ کا تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ "دیکھیں جن کے فالوورز ایک ملین ہیں وہ نہ ڈرامے کریں نہ فلم کریں اور اگر وہ بہت سالوں سے کام کررہے ہیں تو وہ بھی چھوڑ دیں کیونکہ انکے فالوورز صرف ایک ملین ہیں"۔اداکارہ نے بتایا کہ "میں ایک دن میں ہی متعدد بار یہ سن چکی ہوں کہ اچھا اداکار ہونے کے لیے اسکے سوشل میڈیا پر لاتعداد فالوورز کا ہونا بھی بہت ضروری ہے"۔انہوں نے مزید کہا کہ" میں نے سوشل میڈیا پر فالوورز بڑھانے کے لیے پیسے نہیں لگائے تو اسکا یہ مطلب نہیں کہ میں ایک اچھی اداکارہ نہیں ہوں یا میری کوئی ویلیو نہیں ہے"۔