پاکستانی اداکار فاران طاہر کو ہالی ووڈ فلموں کا کتنا معاوضہ ملتا ہے؟

Published: 25-05-2024

Cinque Terre

پاکستانی نژاد امریکی اداکار فاران طاہر نے ہالی ووڈ فلموں میں اپنے معاوضے سے متعلق بتا دیا۔حال ہی میں فاران طاہر نے اپنے والد نسیم طاہر کے ہمراہ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی تھی جہاں اُنہوں نے اپنے ہالی ووڈ کیریئر سمیت مختلف امور پر بات کی۔دورانِ گفتگو ایک مداح نے فاران طاہر سے کہا کہ ہم نے سُنا ہے کہ ہالی ووڈ میں کام کرنے کا اتنا معاوضہ ملتا ہے کہ اس سے پاکستان میں ڈراموں کا ایک چینل خریدا جاسکتا ہے، کیا یہ سچ ہے؟مداح کے سوال کا جواب دیتے ہوئے فاران طاہر نے کہا کہ میں ہالی ووڈ میں معاوضے کی وجہ سے کام نہیں کرتا بلکہ مجھے وہاں کا معیاری کام متاثر کرتا ہے، وہاں بھاری معاوضہ نہیں ملتا لیکن یہ سچ ہے کہ پاکستانی شوبز کے مقابلے میں ہالی ووڈ میں معاوضہ زیادہ ہے۔فاران طاہر نے مزید کہا کہ ہالی ووڈ میں معاوضہ فلم کے بجٹ کے حساب سے ہوتا ہے، اگر کسی فلم کا بجٹ زیادہ ہوتا ہے تو میں بجٹ کی رقم کا 1 سے 2 فیصد تک فیس وصول کرتا ہوں۔واضح رہے کہ فاران طاہر پاکستان کے سینیئر اداکار و کالم نگار نعیم طاہر کے بڑے بیٹے اور اداکار علی طاہر کے بھائی ہیں۔فاران طاہر اب تک ہالی ووڈ کی تقریباََ 25 سے زائد فلموں اور 180 سے زائد ڈرامہ سیریز میں مختصر اور معاون کرداروں سمیت مرکزی کردار ادا کرچکے ہیں۔مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق فاران طاہر بہت جلد پاکستانی فلم ’عمر و عیار‘ میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

اشتہارات