حادثات میں زخمی افراد اورحاملہ خواتین کو بیماریوں سے بچانیوالی ویکسین ڈیڑھ ماہ سے نایاب

Published: 30-05-2024

Cinque Terre

(رپورٹ:۔چوہدری نصیر افضل سے)حادثات میں زخمی ہونیوالے افراد اورحاملہ خواتین کو مختلف بیماریوں سے بچاؤ لگائی جانیوالی معروف زمانہ ویکسین (ٹیٹنس انجیکشن) گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے نایاب ہونے کے باعث مختلف جان لیوا بیماریاں پھیلنے کا خدشہ سر اٹھانے لگا‘ تفصیلات کے مطابق (ٹیٹنس انجکشن) تقریبا ڈیڑھ ماہ سے مارکیٹ میں نامعلوم وجوہات کی بناء پر قلت کا شکار ہے‘ بتایا جاتا ہے کہ ایمسن نامی ادویات ساز کمپنی کی طرف سے تیار کی جانیوالی مذکورہ ویکسین ڈیڑھ ماہ سے عدم دستیابی کی وجہ سے درد سر بنی ہوئی ہے مذکورہ ویکسین کے متبادل کے طو رپر کوئی اور دوا استعمال نہیں کی جا سکتی جس کی وجہ سے متاثرہ افراد سخت پریشان ہیں‘ سابق ڈائریکٹر محکمہ صحت ممتاز ماہر معالج ڈاکٹر نصرت ریاض چوہدری نے اس ویکسین کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ ویکسین کو محفوظ کرنے کیلئے مخصوص درجہ حرارت پر ٹھنڈا رکھنے کی ضرورت پڑتی ہے‘ جان بچانے والی کئی ویکسین ایسی ہیں جو گرم موسم کی شدت میں اپنی افادیت کھو دیتی ہیں اس لیے اکثر اوقات ایسی ویکسین جنہیں وسیع پیمانے پر ٹھنڈا رکھنے کی سہولت محدود ہونایاب رہتی ہیں‘ دل‘ گلے کی غدور‘ کیلئے استعمال ہونیوالی ڈی ساکن‘تھائی راکسن وغیرہ یا دمے کے مریضوں کیلئے بھی بعض ادویات کی قلت معمول کا حصہ ہے تاہم اگر حادثات کا شکار مریض ویکسین نہ لگنے کی وجہ سے مضر اثرات کا شکار ہو جائے تو اسے تشنج (جھٹکے لگنا) جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو بعض اوقات جان لیوا بھی ثابت ہو سکتاہے‘ اسی لیے چوبیس گھنٹے کے اندر مذکورہ ویکسین کی ضرورت پیش آتی ہے‘کیمسٹ ایسوسی ایشن شہر گجرات کے جنرل سیکرٹری شہزاد طفیل کے مطابق ویکسین فروخت کرنیوالی کمپنی کا موقف ہے کہ انہیں را ء میٹریل کی قلت کا سامنا ہے جس کی وجہ سے وہ ویکسین وافر مقدار میں مارکیٹ میں اتارنے سے معذور ہیں شہزاد طفیل نے بتایا کہ ویکسین کی قلت کے باعث نہ صرف حادثات کا شکار ہونیوالے افراد بلکہ حاملہ خواتین بھی متاثر ہو رہی ہیں کیونکہ اکثر و بیشتر انہیں دوران حمل مختلف بیماریوں سے بچاؤ کیلئے یہی ویکسین دی جاتی ہے مقامی فارمیسی (عارف فارمیسی) کے ایگزیکٹو مہر حمزہ اشرف کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر حادثات کا شکار ہونیوالے افراد ویکسین کیلئے خالی ہاتھ لوٹنے پر مجبورہیں تقریبا ڈیڑھ ماہ سے ویکسین کی قلت کا سامنا ہے‘متاثرین کی بڑی تعداد کوڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر عزیز بھٹی شہید ہسپتال بھیجا جاتاہے دوسری طرف ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر عزیز بھٹی شہید ہسپتال کے میڈیکل سپرٹینڈنٹ ڈاکٹر ایازناصر چوہان نے ویکسین کی مارکیٹ میں عدم دستیابی پر اپنے موقف میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز محکمہ صحت کو اپ گریڈ کرنے کیلئے جہاں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہیں وہیں ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک کی خصوصی دلچسپی اورمعاونت سے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن‘ بیڈز کی تعدادمیں اضافے‘ مفت ادویات اورٹیسٹوں کی سہولت کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں ہر قسم کی ویکسین اور ادویات وافر مقدار میں موجود ہے اگر کسی شہری کو ویکسین مارکیٹ میں میسر نہیں آتی تو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں اسے فوری اورہر ممکنہ علاج کی مفت سہولت مہیا کی جائیگی انہوں نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونیوالی سرجیکل وارڈ سمیت پورے ہسپتال میں ری ویمپنگ کا کام24گھنٹے جاری ہے جسے جلد سے جلد مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہیں‘ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں چارج لینے کے بعد ابتک 126بیڈز کا اضافہ کیا ہے 260سے اب 386 بیڈز مریضوں کیلئے میسر ہیں اسی لہذا سے آپریشنز کی تعداد میں بھی اضافہ ہو اہے‘روزانہ کی بنیادپر سینکڑوں مریض او پی ڈی او ٹراما سنٹر کا رخ کرتے ہیں جنہیں ہر ممکنہ سہولیات میسر ہیں۔
 

اشتہارات