Published: 04-06-2024
دبئی: آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کیلئے تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم کا اعلان کردیا۔آئی سی سی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے فاتحین کو ٹورنامنٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ انعامی رقم ملے گی۔ویسٹ انڈیز اور امریکا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے نویں ایڈیشن میں 20 ٹیمیں 28 دنوں تک ایک دوسرے کیخلاف مدمقابل نظر آئیں گی۔فائنل جیتنے والی ٹیم کو 24 لاکھ ڈالر کی رقم ملے گی۔ یہ سال 2022 میں ہونے والے آخری ورلڈ کپ سے کئی گنا زیادہ ہے جس میں فاتح انگلینڈ کو 10 لاکھ ساٹھ ہزار ڈالر کی انعامی رقم دی گئی تھی۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کی رنر اپ ٹیم کو 12 لاکھ 80 ہزار ڈالر کی انعامی رقم ملے گی جبکہ سیمی فائنل ہارنے والی دونوں ٹیموں کو 7 لاکھ 87 ہزار 500 ڈالرز ملیں گے۔دوسرے راؤنڈ سے آگے نہ بڑھنے والی ہر ایک ٹیم کو 382,500 ڈالرز ملیں گے اور جو ٹیمیں نویں اور بارہویں پوزیشن کے درمیان رہیں گی اُنہیں فی ٹیم 247,500 ڈالرز ملیں گے۔13 ویں سے 20 ویں نمبر پر آنے والی ہر ایک ٹیم کو 225,000 ڈالر ملیں گے، مزید برآں ہر ٹیم کو سیمی فائنل اور فائنل کو چھوڑ کر ہر جیتنے والے میچ کے لیے اضافی 31,154 ڈالر ملیں گے۔آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو جیوف ایلارڈائس نے کہا کہ یہ ایک تاریخی ایونٹ ہے جس کے ذریعہ دنیا بھر میں کروڑوں شائقین کو تفریح کا موقع میسر آئے گا۔