شبانہ اعظمی نے تھپڑ واقعے پر کنگنا رناوت کی حمایت کردی

Published: 08-06-2024

Cinque Terre

 ممبئی: بھارت کی تجربہ کار سینیئر اداکارہ شبانہ اعظمی نے خاتون سیکیورٹی اہلکار کی جانب سے تھپڑ پڑنے کے واقعے پر اداکارہ و بی جے پی رہنما کنگنا رناوت کی حمایت کردی۔بھارتی میڈیا کے مطابق شبانہ اعظمی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری کی گئی اپنی پوسٹ میں کہا کہ تھپڑ کے واقعے کے بعد، میرے دل میں کنگنا رناوت کی عزت میں کوئی کمی نہیں آئی لیکن میں خود کو اُن لوگوں میں شامل نہیں کرسکتی جو اس واقعے پر جشن منا رہے ہیں۔شبانہ اعظمی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر سیکیورٹی اہلکار قانون کو اپنے ہاتھ میں لینا شروع کر دیں گے تو ہم میں سے کوئی بھی محفوظ نہیں رہے گا۔واضح رہے کہ 6 جون کو کنگنا رناوت دہلی جانے کے لیے چندی گڑھ ایئرپورٹ پہنچی تھیں تو وہاں ڈیوٹی پر تعینات خاتون سیکیورٹی اہلکار نے اداکارہ کو تھپڑ مار دیا تھا۔کلویندر کور نامی سیکیورٹی اہلکار نے اداکارہ کو تھپڑ مارنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ماضی میں کنگنا رناوت نے کسانوں سے متعلق متنازع بیان دیا تھا جب اُنہوں نے ایئرپورٹ پر اداکارہ کو دیکھا تو اُنہیں وہ بیان یاد آگیا تھا، پھر اُنہیں شدید غصہ آیا اور اُنہوں نے کنگنا کو تھپڑ مار دیا۔کنگنا رناوت کو تھپڑ مارنے پر سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) نے خاتون اہلکار کلویندر کور کو معطل کردیا ہے۔دوسری جانب اس واقعے پر بالی ووڈ کے نامور اسٹارز نے کنگنا رناوت کی حمایت میں کوئی بیان جاری نہیں کیا جس کی وجہ سے وہ بالی ووڈ پر شدید برہم ہیں۔

اشتہارات