Published: 10-06-2024
اینٹیگا: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے 20 ویں میچ میں اسکاٹ لینڈ نے عمان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔اسکاٹ لینڈ نے 150 رنز کا ہدف 13.1 اوورز میں حاصل کر کے گروپ بی میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔سر ویوین رچرڈز اسٹیڈیم نارتھ ساؤنڈ اینٹیگوا میں کھیلے جانے والے میچ میں عمان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔عمان کے اوپنر پریٹک اوتھاولی سے سے نمایاں بیٹسمین تھے جنہوں نے 54 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، آیان خان نے 41 رنز بنائے۔ عاقب الیاس نے 16، مہران خان 13 اور نسیم خوشی نے 10 رنز بنائے۔اسکاٹ لینڈ کے بولر سفیان شریف نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کرس گریوز، کرس سول، بریڈ وہیل اور مارک واٹ نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں اسکاٹ لینڈ کی پہلی وکٹ 21 رنز پر گری مائیکل جونز 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جارج مونسے نے 41 رنز بنائے۔ برینڈن میک مولن اسکاٹ لینڈ کے سب سے نمایاں بیٹسمین تھے جنہوں نے 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔عمان کی جانب سے بلال خان، مہران خان اور عاقب الیاس نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔میگا ایونٹ کے گروپ بی میں اسکاٹ لینڈ 3 میچوں میں 5 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر آ گئی ہے، جبکہ دوسرے نمبر پر آسٹریلیا کی ٹیم ہے جس کے 4 پوائنٹس ہیں۔