Published: 11-06-2024
کراچی: پاکستان کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے سینئر کرکٹرز کو سخت وارننگ جاری کردی۔بھارت کے خلاف میچ میں شرمناک شکست کے بعد ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے سینئر پلیئرز کو سخت وارننگ جاری کردی، ان کا کہنا تھا کہ سب تجربہ کار اور انھیں اچھی طرح معلوم ہے کہ کیسے پرفارم کرنا ہے، اب انھیں خود فیصلہ کرنا ہے کہ وہ اپنے گیم کو کیسے آگے لے کر جاتے ہیں۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کس وقت کھیل پاکستان کے ہاتھوں سے نکلا تو گیری کرسٹن کا کہنا تھا کہ فیصلہ سازی ناقاص تھی، میں سمجھتا ہوں کہ فیصلہ سازی بہتر نہیں تھی، آپ کے پاس ایک گیند پر ایک رن بنانا تھا، 8 وکٹیں ہاتھ میں تھیں، اس موقع پر آپ کو درست فیصلہ کرنا تھا، یہ انٹرنیشنل کرکٹ ہے، آپ جب غلطیاں کرتے ہیں تو پھر قیمت چکانا پڑتی ہے، میں سمجھتا ہوں کہ کھیل کے اہم مراحل میں غلط فیصلے ہوئے، رضوان ہمارے لیے اچھا کھیلے، ہم میچ جیت سکتے تھے مگر پھر اسے ہاتھوں سے نکل جانے دیا۔گیری کرسٹن کو اچھی طرح معلوم ہے کہ پاکستان کو آگے بڑھنے کیلیے نہ صرف خود جیتنا بلکہ دوسروں کے نتائج اپنے حق میں رہنے کا انتظار بھی کرنا ہے، اس بارے میں وہ کہتے ہیں کہ ہمیں بہت زیادہ اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی، بطور بیٹر اور بولرز اپنی صلاحیتوں کا اجتماعی استعمال کرنا ہوگا، ہم بھارت سے میچ میں 40 میں سے 35 اوورز میں چھائے رہے پھر بھی ہار گئے، ہرکوئی اس کا ذمہ دار ہے، ہم نے اس ناکامی کی تلافی کیلیے وہ سب کچھ کریں گے جوکہ کرسکتے ہیں۔