Published: 14-06-2024
لاڈرڈیل میں بارش اور میدان گیلا ہونے کے باعث پاکستان کرکٹ ٹیم کا پریکٹس سیشن منسوخ کردیا گیا۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم اپنے گروپ کا آخری میچ اتوار 16 جون کو آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گی، قومی کرکٹرز اس میچ کےلیے فلوریڈا میں موجود ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کا ایونٹ کے سُپر ایٹ میں پہنچنے کا دار و مدار آئرلینڈ کے خلاف اپنے میچ کے علاوہ امریکا اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے میچ پر بھی ہے، یہ مقابلہ بھی فلوریڈا کے شہر لاڈرڈیل میں ہوگا۔جمعرات کو وہاں بارش اور میدان گیلا ہونے کے باعث پاکستان کرکٹ ٹیم کا پریکٹس سیشن منسوخ کردیا گیا، ایونٹ میں پاکستان ٹیم امریکا اور بھارت کے خلاف ابتدائی دو میچز ہار چکی، تیسرے میچ میں اُس نے کینیڈا کو شکست دے کر دو پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔اب اگر پاکستانی ٹیم آئرلینڈ کے خلاف میچ میں فتح حاصل کرلے اور آئرلینڈ کی ٹیم امریکا کو ہرادے تو پاکستان ٹیم سُپر ایٹ مرحلے میں پہنچ جائے گی۔پاکستانی شائقین کےلیے اچھی خبر یہ بھی ہے لاڈرڈیل میں جمعہ کو بارش کے امکانات جو پہلے 90 فیصد بتائے جا رہے تھے کم ہو کر 70 فیصد ہو گئے ہیں۔