پی ٹی آئی ارکان پارلیمنٹ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

Published: 25-06-2024

Cinque Terre

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان پارلیمنٹ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔پی ٹی آئی کے خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹرز کا کے پی ہاؤس اسلام آباد میں اجلاس ہوا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ارکان پارلیمنٹ کو اپیکس کمیٹی اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پر بریفنگ دی۔ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور کی 35 منٹ طویل بریفنگ سے اکثریتی ارکان وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے متفق نہ ہوئے۔ذرائع کے مطابق اپیکس کمیٹی اجلاس میں فوجی آپریشن کی کھل کر مخالفت نہ کرنے پر ارکان اسمبلی علی امین گنڈا پور سے برہم ہوگئے۔دوران اجلاس بریفنگ میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اجلاس میں صرف استحکام پاکستان اور سیکیورٹی مسائل سے متعلق بات چیت ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق دوران اجلاس انہوں نے موقف اختیار کیا کہ ہمیں آپریشن کی تفصیلات سامنے آنے کا انتظار کرنا چاہیے، اس سے پہلے آپریشن کی مخالفت کرنا درست نہ ہوگا۔ذرائع کے مطابق عمر ایوب، بیرسٹر گوہر، اسد قیصر اور شاندانہ گلزار سمیت کئی سینیٹرز اور رہنماؤں نے فوجی آپریشن کی مخالفت کی جبکہ شبلی فراز اور بیرسٹر سیف نے علی امین گنڈاپور کے موقف کی تائید کی۔

اشتہارات